سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کے مرکز میں چاقو حملہ، ایک ہلاک
27 جون 2022جرمنی کے جنوبی حصے میں جھیل کونسٹانس کے قریب واقع سیاسی پناہ کے متلاشیوں کے ایک مرکز میں یہ واقعہ اتوار اور پیر 27 جون کی درمیانی شب پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور اسی مرکز کا ہی رہائشی ہے اور اس نے مبینہ طور پر بلاتخصیص وہاں کے رہائشیوں کو چاقو حملے کا نشانہ بنایا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کم از کم ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد دیگر افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق حملہ آور نے جھیل کونسٹانس کے قریب کریسبرون میں واقع سیاسی پناہ کے متلاشیوں کے اس مرکز میں مختلف دروازوں پر دستک دی اور جو کوئی بھی دروازہ کھول کر باہر نکلا اس نے اسے چاقو سے نشانہ بنایا۔
مشتبہ حملہ آور 31 سالہ ایک شخص ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اسی مرکز کا ہی رہائشی ہے اور اسے بعد ازاں پولیس نے گرفتار کر لیا۔
اس حملے کے دوران ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ پانچ دیگر کو زخم آنے کے سبب ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس حملے کے محرکات جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔
ا ب ا/ا ا (ایسوسی ایٹڈ پریس، ڈی پی اے)