1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سیکسی‘ شو کرانے والوں کو کوڑے پڑنے چاہییں، سری لنکن صدر

افسر اعوان27 دسمبر 2015

سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے کہا ہے کہ حال ہی میں پوپ اسٹار انرِیکے اگلیزیاس کا کنسرٹ کرانے والے منتظمین کو ’زہریلی اسٹنگ رے کی دم سے کوڑے مارے جانے چاہیں‘۔ انہوں نے اس کنسرٹ کو ’غیر مہذب‘ قرار دیا۔

https://p.dw.com/p/1HUJv
تصویر: Getty Images/AFP/I.S. Kodikara

سری سینا نے عوامی خطاب کے دوران کہا کہ 20 دسمبر کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقد ہونے والے کنسرٹ کے دوران لوگوں نے خوشی سے سرشار مقامی خواتین کو اسٹیج پر چڑھتے ’ہیرو‘ سنگر کو بوسے دیتے اور اس سے بغلگیر ہوتے دیکھا جبکہ دیگر خواتین نے اس پر اپنے زیر جامے پھینکے۔ سری لنکن صدر کے مطابق، ’’یہ انتہائی غیر مذہب رویہ ہے جو ہماری ثقافت کے خلاف ہے۔‘‘

سری لنکن صدر کا مزید کہنا تھا، ’’میں اس بات کے حق میں تو نہیں کہ ان غیر مہذب خواتین کو زہریلی اسٹنگ رے کی دم سے کوڑے مارے جائیں جنہوں نے اپنے بریزیئرز اتارے، لیکن جن لوگوں نے اس طرح کا ایونٹ ترتیب دیا انہیں ضرور لگنے چاہییں۔‘‘

سری لنکا کی قدیم تاریخ میں مچھلی کی ایک خاص قسم اسٹنگ رے کی دُم سے کوڑے مارنا سخت جان مجرموں کے لیے مخصوص تھا۔ تاہم اب سری لنکا میں اسے کسی غلط کام کے لیے سزا دینے کے لیے بطور محاورہ استعمال کیا جاتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ابھی تک معروف لاطینی پاپ اسٹار انریکے اگلیزیاس Enrique Iglesias کا کنسرٹ کرانے والی مقامی کمپنی کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ لائیو ایونٹس نامی اس کمپنی کے مالکان میں معروف کرکٹ اسٹارز کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے شامل ہیں۔

لوگوں نے خوشی سے سرشار مقامی خواتین کو اسٹیج پر چڑھتے ’ہیرو‘ سنگر کو بوسے دیتے اور اس سے بغلگیر ہوتے دیکھا، سری سینا
لوگوں نے خوشی سے سرشار مقامی خواتین کو اسٹیج پر چڑھتے ’ہیرو‘ سنگر کو بوسے دیتے اور اس سے بغلگیر ہوتے دیکھا، سری سیناتصویر: Getty Images/B.Weerasinghe

سری لنکا کے قدامت پسند معاشرے میں سر عام محبت کا اظہار کرنا یہاں تک کہ شادی شدہ جوڑوں کی طرف سے بھی، قابل قبول نہیں سمجھا جاتا۔ پولیس عام طور پر ایسے جوڑوں کو گرفتار کر لیتی ہے جو عوامی پارکوں یا ساحل سمندر پر بوس وکنار کرتے پائیں جائیں۔

کولمبو میں ہونے والا کنسرٹ انریکے اگلیزیاس کے ورلڈ ٹوور ’لوو اینڈ سیکس‘ کا حصہ تھا۔ لاطینی پاپ اسٹار کا یہ کنسرٹ رگبی اسٹیڈیم میں کرایا گیا تھا اور اس کے لیے شائقین نے پانچ ہزار سری لنکن روپوں سے لے کر 50 ہزار روپے تک خرچ کیے تھے جو 350 امریکی ڈالرز کے برابر رقم بنتی ہے۔