1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں، پوٹن اور ٹرمپ میں اتفاق رائے

مقبول ملک اے ایف پی، روئٹرز
11 نومبر 2017

روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کو مکمل طور پر شکست دے دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شامی جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/2nRkM
روسی صدر پوٹن، دائیں، امریکی ہم منصب ٹرمپ سے ڈانانگ میں ہاتھ ملاتے ہوئےتصویر: Getty Images/AFP

روسی دارالحکومت ماسکو سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق روسی اور امریکی صدور نے یہ بات ویت نام کے شہر ڈانانگ میں ہونے والی ایشیا بحرالکاہل کی اقتصادی تعاون کی تنظیم ایپک (APEC) کی سربراہی کانفرنس کے حاشیے پر اپنے ہفتہ گیارہ نومبر کو جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہی۔

شام نے ملک بھر میں داعش کے خلاف کامیابی کا اعلان کر دیا

شامی مہاجرین نے اسد حکومت کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمے کرا دیے

شامی جنگ دیرالزور میں ختم نہیں ہوئی، بشارالاسد

ماسکو میں روسی صدر کے دفتر نے بتایا کہ اس بیان میں صدر پوٹن اور ان کے امریکی ہم منصب ٹرمپ نے اتفاق کیا کہ روس اور امریکا داعش کو مکمل طور پر شکست دینے کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ کریملن کی طرف سے اس کی ویب سائٹ پر یہ بھی کہا گیا کہ شام کی کئی سالہ خانہ جنگی کا فوجی طاقت کے استعمال سے کوئی حل نہیں نکالا جا سکتا بلکہ اس مقصد کے لیے جنیوا میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والے امن مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اس خونریز تنازعے کے تمام فریق اس مکالمت میں حصہ لیں۔

اسی بارے میں خبر رساں ادارے روئٹرز نے لکھا ہے کہ ولادیمیر پوٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اس مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ شام کی ریاستی خود مختاری، آزادی اور جغرافیائی سالمیت کا تحفط کیا جانا چاہیے۔

Vietnam Apec-Gipfel US-Präsident Donald Trump und Wladimir Putin
امریکی اور روسی صدور ہفتہ گیارہ نومبر کو ڈانانگ میں ایپک سمٹ کے موقع پر شرکاء کی گروپ فوٹو کے لیے جاتے ہوئےتصویر: Getty Images/AFP/J. Silva

اسی دوران ڈانانگ میں ایپک سربراہی کانفرنس ہی کے موقع پر روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے آج ہفتہ گیارہ نومبر کے روز کہا کہ شام میں قیام امن کے لیے روس کی سرپرستی میں کسی نئی امن کوشش کے لیے ابھی تک کوئی نظام الاوقات ترتیب نہیں دیا گیا۔

اس سلسلے میں قومی مکالمت سے متعلق شامی کانگریس نامی ایک مذاکراتی اجتماع کا انعقاد جنوبی روس کے ایک شہر میں اٹھارہ نومبر کو متوقع تھا تاہم اس کانگریس کو ملتوی کیا جا چکا ہے۔

Irak Islamischer Staat Propagandafoto
داعش کو مکمل شکست دینے کے لیے روسی، امریکی اتفاق رائےتصویر: picture-alliance/Zuma Press

پورا دیر الزور شامی حکومتی دستوں کے قبضے میں، داعش مزید پسپا

’تباہ کن حالات‘ کے شکار تیرہ ملین شامیوں کو مدد کی اشد ضرورت

داعش کے ٹوٹنے سے القاعدہ کی طاقت میں اضافہ

ویت نام میں ایپک سمٹ کے میزبان شہر ڈانانگ سے موصولہ دیگر رپورٹوں کے مطابق اس کانفرنس کے موقع پر ماہرین کو یہ انتظار بھی تھا کہ آیا وہاں روسی اور امریکی صدور کی ملاقات بھی ہو گی۔

اس حوالے سے پوٹن اور ٹرمپ نے ڈانانگ میں ایک دوسرے کے ساتھ گرمجوشی سے خیرمقدمی جذبات کا اظہار تو کیا تاہم آخری خبریں آنے تک اس بارے میں محض اندازے ہی لگائے جاتے رہے کہ آیا ان دونوں صدور کی ویت نام میں کوئی باقاعدہ باہمی ملاقات بھی عمل میں آئے گی۔ ڈانانگ سمٹ میں پوٹن اور ٹرمپ کا جمعہ دس نومبر کی رات سے ہفتے کے روز قبل از دوپہر تک تین مرتبہ آمنا سامنا ہوا، جس دوران ایک بار تو ان دونوں رہنماؤں نے مل کر ایک تصویر بھی اتروائی۔

ان دونوں سربراہان کی آپس میں اب تک ویت نام میں نہ ہونے والی کسی باہمی ملاقات کے برعکس روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کچھ دیر کے لیے اپنے امریکی ہم منصب ریکس ٹلرسن کے ساتھ ایک ملاقات کی، جس کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔