1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام مسلسل زيادہ تنہا ہوتا جا رہا ہے

10 اگست 2011

شام ميں حکومت کے مخالفين پر ٹينکوں سے مسلح دستوں کی يلغار اور بڑی تعداد ميں ہلاکتوں پر عالمی تنقيد کے باوجود شامی حکومت کے رويے ميں کوئی تبديلی نہيں آئی ہے۔ بشار الاسد ہر قيمت پر اپنے ا اقتدار کو قائم رکھنا چاہتے ہيں۔

https://p.dw.com/p/12E51
ترک وزير خارجہ احمد داوُتوگلو اور شامی صدر بشارا لاسد
ترک وزير خارجہ احمد داوُتوگلو اور شامی صدر بشارا لاسدتصویر: dapd

شام پر عالمی دباؤ ميں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے کہ وہ ملک ميں جاری مظاہروں کو کچلنے کے ليے وحشيانہ طاقت کا استعمال بند کر دے۔ ليکن اس کے باوجود شامی صدر بشار الاسد نے کہا ہے کہ بقول ان کے ’دہشت گرد گروپوں‘ کے خلاف جنگ مسلسل جاری رکھی جائے گی۔

کل ترکی کے وزير اعظم رجب طيب ايردوآن نے کہا کہ مارچ کے وسط سے جاری حکومت مخالف مظاہروں کو بے دردی سے کچلنے پر شامی حکومت کے ساتھ ترکی کا پيمانہء صبر لبريز ہو چکا ہے۔ ترک وزير خارجہ احمد داوُتوگلو نے کل منگل کو شام کا دورہ کيا جس ميں انہوں نے خونريزی بند کرنے اور جمہوری اصلاحات پر زور ديا۔ مصری وزير خارجہ محمد امر نے کہا ہے کہ شام ميں تشدد فوری طور پر بند ہونا چاہيے۔ اُنہوں نے خبردار کيا کہ ملک ايک ايسے نقطے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں سے واپسی ممکن نہيں ہوگی۔

شام ميں احتجاجی مظاہرے
شام ميں احتجاجی مظاہرےتصویر: picture alliance/dpa

روسی وزير خارجہ لاوروف نے شامی وزير خارجہ وليد معلم سے ٹيليفون پر بات کی، جس ميں اُنہوں نے روس کا يہ مطالبہ دہرايا کہ تشدد فوراً ختم کرکے گہری نوعيت کی سياسی اصلاحات کی جائيں۔ امريکی وزارت خارجہ کی ايک ترجمان نے کہا کہ يہ افسوسناک بات ہے کہ شامی صدر اسد عالمی برادری کی بڑھتی ہوئی تشويش پر کوئی توجہ نہيں دے رہے ہيں۔

خليجی تعاون کونسل کے ممالک سعودی عرب، کويت اور بحرين نے صلاح مشوروں کے ليے شام سے اپنے سفراء واپس بلا ليے ہيں۔ کويت ميں آج شامی سفارتخانے کے سامنے ايک مظاہرے کے دوران بشار الاسد کی حکومت کو ظالم اور جابر کہا گيا اور ايران کی طرف سے اسد حکومت کی حمايت پر بھی شديد تنقيد کی گئی۔ سعودی عرب کی انسانی حقوق کی سوسائٹی کے صدر القحطانی نے کہا ہے کہ شامی حکومت نے درجنوں سعودی شہريوں کو گرفتار کر ليا ہے۔ شام موسم گرما کی چھٹياں منانے کے ليے سعوديوں کا محبوب ترين ملک ہے۔

شامی صدر اسد
شامی صدر اسدتصویر: picture alliance/Photoshot

شام کی آبادی کی اکثريت سنی ہے ليکن چار عشروں سے اقتدارپر اسد خاندان قابض ہے جس سے طاقت اقليتی علوی شيعہ فرقے کے ہاتھوں ميں مرکوز ہے۔

تجزيہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ شامی حکومت کے دن گنے جا چکے ہيں ليکن وہ اپنے مخالفين کو سختی سے کچلنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ ليکن اُن کا يہ بھی کہنا ہے کہ شامی حکومت پر داخلی دباؤ ميں اضافہ ہوگا اور اسی کے ہاتھوں اُس کا خاتمہ ہوگا۔ شام عالمی منظر پر مسلسل زيادہ تنہا ہوتا جا رہا ہے اور جب وہ مکمل طور پر تنہا رہ جائے گا اور ايران کے سوا اُس کا کوئی اور حامی باقی نہيں رہ جائے گا، تو پھربشارالاسد کو مشکل سے نکلنے کا کوئی راستہ ڈھونڈنا پڑے گا۔

رپورٹ: شہاب احمد صديقی

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں