شام میں اپوزیشن کے خلاف کارروائیوں میں مزید شدت
2 اگست 2011سنی اکثریت کا حامل شہر حماہ گزشتہ دو روز سے ٹینکوں کی شدید گولہ باری کی زَد میں ہے اور اسد کے اقلیتی علوی مسلک کے غلبے کی حامل سکیورٹی فورسز پوری کوشش کر رہی ہیں کہ اس شہر میں صدر بشار الاسد کے خلاف مظاہروں کو کچل دیا جائے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے ساتھ ٹیلی فون پر باتیں کرتے ہوئے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ہر دس سیکنڈ کے وقفے سے گولہ باری ہو رہی ہے۔ فون پر پس منظر میں گولہ باری کی آوازیں آ رہی تھیں۔
حماہ کے خلاف کارروائی نے 1982ء کے اُس دور کی یادیں تازہ کر دی ہیں، جب اسی شہر میں بشار الاسد کے والد حافظ الاسد نے اخوان المسلمون کی ایک مسلح بغاوت کو بری طرح سے کچل دیا تھا۔ تب کئی رہائشی علاقوں کو تہس نہس کر دیا گیا تھا اور ہزاروں انسان قتل کر دیے گئے تھے۔
ایک اور عینی شاہد نے روئٹرز کو بتایا تھا:’’کوئی بھی شہر سے باہر نہیں جا سکتا کیونکہ فوج اور الشبیحہ (اسد کی حامی ملیشیا) مشین گنوں سے اندھا دھند فائرنگ کر رہی ہے۔‘‘
تجزیہ نگاروں کے مطابق حماہ کے خلاف طاقت کے استعمال کا راستہ اختیار کرتے ہوئے اسد نے اپنی حکومت کا تختہ الٹنے کے خواہاں عناصر کے خلاف ایک ایسے راستے کا انتخاب کیا ہے، جس سے واپسی کی کوئی صورت نہیں ہے۔ بیرونی دُنیا کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ دمشق حکومت تبدیلی کے اُن مطالبات کے آگے نہیں جھکے گی، جو پوری عرب دُنیا میں کیے جا رہے ہیں۔ شامی عوام کو یہ بتایا جا رہا ہے کہ ملکی قیادت کشت و خون کا راستہ اختیار کرتے ہوئے بھی اقتدار سے چمٹی رہے گی۔
بیروت میں مقیم تجزیہ نگار رامی خوری نے روئٹرز کو بتایا:’’یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ حکومت لامحدود طاقت استعمال کرنے کے لیے تیار ہے لیکن اس سے مسئلہ حل نہیں ہو گا بلکہ بغاوت اور زیادہ زور پکڑ جائے گی۔‘‘
فوجی ٹینکوں نے دو ہفتے کے محاصرے کے بعد البو کمال نامی شہر پر بھی دھاوا بول دیا ہے جبکہ عراق کے سنی علاقوں کے ساتھ ملنے والے شامی صوبے دیر الزور کے خلاف بھی شامی فوجی کی کارروائیوں میں شدت آ گئی ہے اور وہاں ایک ہفتے کے کارروائی کے دوران کم از کم 29 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جہاں متعدد عرب ممالک بدستور خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، وہاں ہمسایہ ترکی کے صدر عبداللہ گل نے کہا ہے کہ شہریوں کے خلاف اتنے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کی فوٹیج دیکھ کر اُنہیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔
یورپی یونین نے شامی قیادت کے خلاف مزید پابندیاں نافذ کر دی ہیں جبکہ عالمی سلامتی کونسل میں ایک ہنگامی اجلاس میں شام کے حالات پر تبادلہء خیال کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: عاطف توقیر