1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں تبدیلی آ کر رہے گی، امریکی وزیر خارجہ کلنٹن

18 جون 2011

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ شام میں جاری حکومتی جبر و تشدد سے ملک میں جمہوری تبدیلی کا عمل تاخیر کا شکار تو ہو سکتا ہے لیکن رُک نہیں سکتا۔ اُنہوں نے یہ باتیں اپنے ایک مضمون میں تحریر کی ہیں۔

https://p.dw.com/p/11eju
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: AP

’شام میں اب واپسی کا کوئی راستہ نہیں‘ کے عنوان سے امریکی وزیر خارجہ کا یہ تبصرہ لندن کے عرب زبان کے روزنامے الشرق الاوسط میں شائع ہوا ہے۔ کلنٹن کے مطابق حکومت عوام کی تحریک کو کچلنے کے لیے جو کاروائیاں کر رہی ہے، اُس سے تحریک کی شدت کم نہیں ہو گی۔ مزید یہ کہ حکومت کے بے رحمانہ اقدامات کے نتیجے میں (صدر اسد) شام میں جاری تبدیلی کے عمل کو تاخیر سے تو دوچار کر سکتے ہیں لیکن وہ اس کا رُخ واپس نہیں موڑ سکتے۔

شام کی سرحد پر پہنچنے والے نئے مہاجرین ترکی کی جانب سفر کے منتظر ہیں
شام کی سرحد پر پہنچنے والے نئے مہاجرین ترکی کی جانب سفر کے منتظر ہیںتصویر: AP

دریں اثناء شام میں احتجاج کرنے والوں کے خلاف حکومتی دستوں کی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری ہیں۔ آج یہ فوجی دستے ترکی کی سرحد کے قریب واقع ایک شامی سرحدی گاؤں بدامہ میں داخل ہو گئے۔ لندن میں قائم شامی نگران مرکز برائے انسانی حقوق کے مطابق اس موقع پر ’شدید فائرنگ‘ ہوئی۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بدامہ کے رہائشی ایک وکیل ساریہ حمودہ نے بتایا:’’یہ دستے صبح سات بجے بدامہ میں داخل ہوئے۔ میں نے 9 ٹینک، دَس بکتر بند گاڑیاں، بیس جیپیں اور دَس بسیں گنیں۔ میں نے شبیہہ (اسد کی حامی مسلح ملیشیا) کو کم از کم دو گھروں کو آگ لگاتے دیکھا۔‘‘ ایک اور عینی شاہد کے مطابق شامی دستے سرحد کے قریب فصلوں کو بھی آگ لگا رہے ہیں۔

بدامہ نامی یہ گاؤں عوامی احتجاج کے مرکز جسر الشغور سے شمال کی جانب چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اس گاؤں کے باسی جسر الشغور سے فرار ہو کر ترکی پہنچنے کی کوشش کرنے والے مہاجرین کو خوراک اور دیگر اَشیائے ضرورت فراہم کرتے ہوئے اُن کی مدد کر رہے تھے۔

جمعے کو ہالی وُڈ کی سپر سٹار انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کی خیر سگالی کی سفیر کے طور پر ترکی میں شامی مہاجرین کے ایک کیمپ کا دورہ کیا
جمعے کو ہالی وُڈ کی سپر سٹار انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کی خیر سگالی کی سفیر کے طور پر ترکی میں شامی مہاجرین کے ایک کیمپ کا دورہ کیاتصویر: AP

اسی دوران ترکی پہنچنے والے شامی مہاجرین کی تعداد دَس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ کل جمعے کو ہالی وُڈ کی سپر سٹار انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کی خیر سگالی کی سفیر کے طور پر ترکی میں شامی مہاجرین کے ایک کیمپ کا دورہ کیا تھا۔

دریں اثناء برطانیہ نے شام میں موجود اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ’ابھی اور اسی وقت‘ شام سے نکل جائیں۔ لندن میں وزارتِ خارجہ کی جانب سے اُنہیں انتباہ کیا گیا ہے کہ حالات مزید خراب ہونے کی صورت میں ممکن ہے کہ دمشق میں قائم برطانوی سفارت خانہ اُن کی خاطر خواہ مدد نہ کر سکے۔ برطانیہ نے بیس اپریل کو ہی اپنے شہریوں کو شام چھوڑ دینے کا مشورہ دیا تھا لیکن اب ان ہدایات کی شدت بڑھا دی گئی ہے۔ برطانوی شہریوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس ملک کا سفر اختیار نہ کریں۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں