1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں مظالم کا مکمل ڈیٹا بیس، دو جرمن نوجوانوں کی کوشش

علی کیفی Ben Knight
30 دسمبر 2016

جرمن دارالحکومت برلن کے دو نوجوانوں نے شام میں پانچ سال سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے دوران ہوئے مظالم کا ایک نیا ڈیٹا بیس تیار کیا ہے، جس میں ساری دستیاب ویڈیو فوٹیج کو ایک ہی تکنیکی معیار میں ڈھال کر پیش کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2V3Se
Syrien syrische Soldaten nach der Zurückeroberung  von Aleppo
تصویر: Getty Images/AFP/G. Ourfalian

جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں کمپیوٹر ہیکرز کی ’کے اَوس کمپیوٹر کلب‘ نامی سالانہ کانگریس چار روز تک جاری رہنے کے بعد جمعہ تیس دسمبر کو اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔ اپنی نوعیت کے اس تینتیس ویں اس اجتماع میں بارہ ہزار افراد شریک ہوئے اور اس دوران ڈیٹا کے تحفظ، انٹرنیٹ سکیورٹی اور جعلی خبروں کے رجحان سمیت مختلف موضوعات زیرِ بحث آئے۔

اسی اجتماع کے دوران برلن شہر کے دو نوجوانوں ھادی الخطیب (جو 2011ء میں شام سے جرمنی آیا) اور جیف ڈوئچ نے اپنے اپنے گھروں پر تین ہزار یورو کی فنڈنگ کی مدد سے  شامی جنگ میں ہوئے مظالم کے حوالے سے تیار کردہ اپنا نیا ڈیٹا بیس متعارف کروایا۔ اس ڈیٹا بیس کو اب  اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن راٹس واچ جیسے بین الاقوامی اداروں سے لے کر پوری دنیا کے وکلاء اور سیاسی کارکن تک استعمال کر رہے ہیں۔

اس ڈیٹا بیس کا نام ’دا سیریئن آرکائیو‘ رکھا گیا ہے اور اسے اسی نام کی ویب سائٹ (syrianarchive.org) پر جا کر دیکھا جا سکتا ہے۔ اس میں ساڑھے پانچ سال سے جاری جنگ کے دوران ہوئے دو ہزار دو سو غیر قانونی واقعات کی تفصیلات کو باقاعدہ شہادتوں کے ساتھ ترتیب دیا گیا ہے اور اس کے لیے  دنیا بھر میں موجود رضاکاروں کے ساتھ ساتھ شام میں موجود سیاسی کارکنوں کی بھی مدد لی گئی، جنہوں نے ان واقعات کی تصدیق کی۔

اس میں یو ٹیوب اور دیگر پلیٹ فارموں پر اَپ لوڈ کی گئی ویڈیو فوٹیج بھی شامل ہے، جس میں مختلف فریقوں کی جانب سے ہسپتالوں پر فضائی حملوں، کلورین گیس سے کیے گئے حملوں اور کلسٹر بم حملوں کے فوراً بعد کے انتہائی ہولناک مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کوئی فوٹیج کس مقام پر کب ریکارڈ کی گئی اور وہ آئی کس ذریعے سے تھی۔

31. Treffen Chaos Computer Club Hamburg
یہ ڈیٹا بیس ہیمبرگ میں چار روز تک جاری رہنے کے بعد جمعہ تیس دسمبر کو ختم ہونے والے ہیکرز کے سالانہ اجتماع CCC میں پیش کیا گیاتصویر: picture-alliance/dpa/A. Heimken

اِس آرکائیو کو مزید فلٹر کر کے دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے غیر قانونی ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں، کیسے لوگوں کو گھر بدر کیا جا رہا ہے، لُوٹ مار کی جا رہی ہے، انسانوں کو جبر و تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، یرغمال بنایا جا رہا ہے اور قتلِ عام کیا جا رہا ہے۔ ’روسی حملوں میں ہونے والی شہری ہلاکتوں‘ کے لیے ایک الگ سے خصوصی فلٹر لگایا گیا ہے۔

اس ڈیٹا بیس کی تیاری میں شامل شامی نوجوان ھادی الخطیب 2014ء میں ترکی میں انسانی حقوق کے وکلاء کے ساتھ مل کر بھی کام کرتا رہا ہے۔ الخطیب نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی شامی اپوزیشن گروپ کا حصہ نہیں ہے تاہم اُس نے شام میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایسا ریکارڈ تیار کرنے میں وکلاء اور صحافیوں کے ساتھ تعاون کیا ہے، جو بعد میں عدالت میں استعمال ہو سکے۔