1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام کے معاملے پر اوباما کے عالمی رہنماوں سے رابطے

14 اگست 2011

امریکی صدر باراک اوباما نے شامی صدر بشار الاسد پر سیاسی دباؤ بڑھانے کے سلسلے میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور سعودی شاہ عبد اللہ سے رابطہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12GDD
فائل فوٹوتصویر: AP

وائٹ ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق،’’ تینوں رہنماؤں نے شامی حکومت سے جمہوریت کے حامیوں پر جاری ظالمانہ تشدد کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے‘‘۔ اعلامیے کے مطابق شاہ عبد اللہ اور صدر اوباما نے شامی حکومت کی جانب سے اپنے ہی شہریوں کے خلاف تشدد کے استعمال کے سلسلے میں اپنے مشترکہ خدشات کا اظہار کیا، ’’ دونوں نے اتفاق کیا کہ شامی حکومت کے ظالمانہ تشدد کو فوری طور پر اب ختم ہونا چاہیے۔‘‘

شام میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری حکومت مخالفین کے خلاف فورسز کے کریک ڈاؤن پر سعودی عرب نے حالیہ کچھ دنوں میں اپنا احتجاج ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ مسلم دنیا میں سعودی عرب کو خاص مقام حاصل ہے۔ اسی طرح ترکی نے سعودی عرب سے بھی قبل شامی انتظامیہ پر تنقید کی تھی جبکہ کویت اور بحرین نے سعودی عرب کی پیروی کرتے ہوئے بشار الاسد کی حکومت سے جمہوری اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔ ترک وزیر خارجہ احمد داؤد اوگلو نے دمشق جاکر صدر بشار الاسد سے ملاقات کی اور ترک صدر عبد اللہ گل کا خط انہیں پہنچایا۔ اس خط میں شامی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جمہوری اصلاحات نافذ کرے اس سے قبل کہ ’بہت دیر ہوجائے‘‘۔

Obama Cameron USA Großbritannien London Flash-Galerie
امریکی صدر باراک اوباما نے رواں سال مئی میں برطانیہ کا دورہ کیا تھاتصویر: AP

اس کے برعکس امریکہ کی جانب سے شامی صدر پر منظم انداز میں دباؤ میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کا اب تک یہی موقف ہے کہ بشار الاسد اقتدار کا جواز کھو چکے ہیں تاہم فی الحال بشار الاسد سے اقتدار چھوڑنے کا براہ راست مطالبہ سامنے نہیں آیا ہے۔

ہفتہ ہی کو امریکی صدر نے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو بھی ٹیلی فون کیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماوں نے خون خرابے کے فوری خاتمے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے ’’ دونوں نے اپنے خدشات کا احاطہ کیا اور اس یقین کو دہرایا کہ شام میں جمہوریت کے لیے عوامی مطالبات پورے کیے جانے چاہیے۔‘‘

شام میں جمعہ کو کم از کم 20 مظاہرین سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ شام کی صورتحال پر رواں ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک اہم اجلاس متوقع ہے۔ جمعرات کے لیے شیڈیول اس اجلاس میں شام میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں