1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہی جوڑا پاکستان میں مسکراہٹیں بکھیر کر لوٹ گیا

18 اکتوبر 2019

برطانوی شہزادہ اور شہزادی کے دورے میں سوشل میڈیا پر طنزومزاح اور سیاسی جُگتوں نے مہنگائی کے مارے ہوئے عام پاکستانیوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔ تنویر شہزاد کا بلاگ

https://p.dw.com/p/3RX1C
تصویر: Reuters/S. Hussein

پاکستان سے مخلصانہ محبتیں، خوشگوار یادیں اور پیار بھری عقیدتیں سمیٹ کر وطن واپس لوٹ جانے والے برطانوی شاہی جوڑے کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوگا کہ ان کا یہ دورہ پاکستان کے عام آدمی کو کس قدر خوشیاں عطا کر گیا. ان پانچ دنوں میں برطانوی شہزادے اور شہزادی کے حوالے سے میڈیا پر جودلچسپ چٹکلے، طنزومزاح، ادبی شگوفے اور جگتیں دیکھنے کو ملیں اس نے مہنگائی کے مارے ہوئے عام پاکستانیوں کے چہروں پر بھی مسکراہٹیں بکھیر دیں۔

ہمارے بعض لوگ جو معاشی بحران، دہشت گردی کے خلاف آپریشن اور ڈینگی جیسی بیماریوں سے بھی ہنسی مذاق کے پہلو تلاش کر لیتے ہیں، وہ برطانوی جوڑے کے اس دورے کو کیسے معاف کر سکتے تھے۔

پاکستان میں نیب کا ادارہ ایک عرصے سے تنقید کی زد میں ہے۔ شاہی جوڑے کی پاکستان آمد کے فورا بعد کسی دل جلے نے سوشل میڈیا پر یہ لکھ کر اپنی بھڑاس نکالی کہ'' نیب نے کوہ نور ہیرے کے حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے پرنس ولیم اور کیٹ ولیم کو کل طلب کر لیا ، ذرائع۔‘‘

جنوبی پنجاب کے پسماندہ دیہاتی علاقے سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے مرنجاں مرنج مسکین وزیراعلی کو بھی ان کے مخالفین نے نہیں بخشا۔ ایک تصویر جس میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار شاہی جوڑے کی طرف غور سے دیکھتے ہوئے انہیں یادگاری تحفہ دے رہے ہیں، اس تصویر کے نیچے کسی من چلے نے لکھا ''ہم وزیر اعلی پنجاب کو زندگی میں پہلی مرتبہ اتنی قریب سے انگریز دیکھنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ‘‘

 Tanveer Shehzad Blogger Urdu
تصویر: privat

ایک صارف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے پاکستان کے دس سالہ ویزے کی درخواست جمع کرائی ہے۔ شاہی جوڑے کا کہنا ہے کہ ''وہ پشاور کے میٹرو منصوبے کو مکمل دیکھ کر ہی واپس جائیں گے۔‘‘ یاد رہے پشاور میٹرومنصوبہ کئی ڈیڈ لائنز گذرنے کے باوجود نہ بن سکا اور پی ٹی آئی  حکومت کے لیے خفت کا باعث بن گیا ہے۔ جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ شاہی جوڑے کو کیا ہو گیا ہے اب وہ پچاس لاکھ گھر دیکھنے کی ضد کر رہا ہے۔

ایک صاحب کے مطابق شہزادہ ولیم نے شاہ محمود قریشی اور فردوس عاشق اعوان کو ایک حکومتی استقبالیہ تقریب میں دیکھا تو پوچھا کیا پاکستان میں ابھی تک پیپلز پارٹی کی حکومت ہے؟ اس کے جواب میں حکومت کے حامی ایک صارف نے فیس بک پر لکھا'' برطانوی شاہی جوڑا دراصل وہ سڑک دیکھنا چاہتا ہے جس پر شہباز شریف نے آصف زرداری کو گھسیٹنا تھا۔‘‘

 ایک فوٹو شاپ تصویر میں شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کو جمیعت علمائے اسلام کے مولانا فضل ا لرحمن سے ملاقات کرتے دکھایا گیا ہے اور نیچے تحریر ہے کہ شاہی جوڑے نے اس دورے میں پاکستان کے تخیلیاتی وزیراعظم سے بھی ملاقات کی۔ اس تصویر کو ''مولانا فضل الرحمن کو منانے کی آخری کوشش‘‘ کا عنوان دیا گیا۔

پاکستان کے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو شادیاں وغیرہ کروانے کے لیے مشہور ہے۔ ایک جگہ شاہی جوڑے کی ہنستی مسکراتی تصویر کے نیچے درج کیا گیا ''ہمیں ندا یاسر نے اپنے مارننگ شو میں بلایا ہے اور کہا ہے کہ کاشی سے میک اپ کروا کر تم دونوں کی دوبارہ سے شادی کروائوں گی۔‘‘ ایک اور تصویر میں ثمینہ پیرزادہ اپنے مخصوص انداز میں کیٹ ویلیم کا انٹرویو کرتے ہوئے پوچھ رہی ہیں،کہ بچوں کو چھوڑ کر آتے ہوئے رونا تو نہیں آیا؟

مسکراہٹوں کا یہ سلسہ تجارتی حلقوں تک بھی پھیلا ہوا ہے۔ ایک پوسٹ پر درج ہے کہ شاہی جوڑے کو دورہ لاہور کے دوران لنڈا بازار بھی لے جایا گیا ۔اپنے بچپن کے کپڑے پچاس پچاس روپے میں بکتے دیکھ کر پرنس ویلیم حیران رہ گئے۔

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید