1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’شعیب اور ثانیہ کی شادی 15 اپریل کو ہی گی‘

10 اپریل 2010

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے خاندان کے ذرائع نے کہا ہے کہ ان کی شادی کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے ثانیہ کی شادی پہلے سے اعلان کردہ تاریخ 15 اپریل کو ہی ہوگی۔

https://p.dw.com/p/MsHR
ٹینس اسٹار ثانیہ مرزاتصویر: AP
Kombination von Tennisspielerin Sania Mirza und Cricketspieler Shoaib Malik Indien
شعیب کو گزشتہ سات برس سے جانتی ہوں، ثانیہتصویر: AP

تاہم دونوں کے نکاح کے لئے مقرر قاری عظمت اللہ جعفری نے جمعہ کو قبل ازیں کہا کہ ثانیہ کے خاندان نے 15 اپریل کے بجائے نو اپریل کو ہی نکاح پڑھانے کی درخواست کی ہے۔ بعدازاں ثانیہ کی ایک آنٹی حمیدہ عثمان نے تاریخ میں تبدیلی کی تردید کر دی۔ انہوں نے کہا، ’آج کوئی تقریب نہیں ہے۔ شادی 15 اپریل کو اصل منصوبے کے تحت ہی ہو گی۔‘

دوسری جانب بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ثانیہ اور شعیب کی شادی ایک ہفتہ قبل جمعہ کو ہونا طے پا گئی تھی۔ تاہم قانونی پیچیدگیوں کے باعث اسے پہلے سے طے شدہ تاریخ پر ہی رکھا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ دراصل شعیب ملک اپنے خلاف مقدمے کے حوالے سے پاسپورٹ اور کلیئرنس سمیت دیگر دستاویزات پیش نہیں کر سکے، جس کے باعث جمعہ کو نکاح نہیں ہو سکا۔

Hochzeit Sania Mirza und Sohrab Mirza Juli 2009
گزشتہ برس ثانیہ مرزا کی منگی سہراب مرزا سے ہوئی تھی، جو بعدازاں ٹوٹ گئیتصویر: AP

کھیلوں کے دُنیا کے اس معروف جوڑے کی مجوزہ شادی گزشتہ دنوں اس وقت متنازعہ صورت اختیار کر گئی، جب بھارتی شہر حیدرآباد ہی سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی نے شعیب کی بیوی ہونے کا دعویٰ کیا۔ عائشہ صدیقی نامی اس لڑکی کا کہنا تھا کہ شعیب ملک نے 2002ء میں اس سے فون پر نکاح کیا تھا۔ صدیقی کے والد نے شعیب کے خلاف مقدمہ بھی درج کرا دیا تھا، جس کے بعد بھارتی پولیس نے پاکستانی کرکٹر سے پوچھ گچھ کی، اور ان کا پاسپورٹ قبضے میں لے لیا۔

تاہم منگل کو حیدرآباد میں برادری کے بزرگوں نے معاملہ کچھ اس طرح حل کرایا، کہ شعیب ملک نے عائشہ صدیقی کو طلاق دے اور یوں ثانیہ سے ان کی شادی کا راستہ صاف ہو گیا۔

ان دنوں حیدرآباد میں ثانیہ مرزا کے گھر کے باہر سیکیورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے، جس کی ایک وجہ میڈیا کو روکنا بھی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں