صحت مند بالوں کے لیے دس تجاویز
ہر کوئی صحت مند اور چمکدار بالوں کی خواہش رکھتا ہے۔ بال کئی طرح کے ہوتے ہیں اور بالوں کا خیال رکھنا سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔ دیکھیے بالوں کو صحت مند رکھنے کے لیے چند تجاویز۔
ایک اچھی بنیاد
خوبصورت بالوں کے لیے بالوں کے نیچے سر کی جلد کا صحت مند ہونا ضروری ہے۔ جلد تندرست نہ ہونے کے سبب بالوں میں خشکی کا سبب بنتی ہے۔ سر کی جلد کی مالش کرنے سے خون کی گردش بڑھتی ہے اور sebaceous glands کے باعث خشک بالوں کی حالت بہتر ہو جاتی ہے۔ تیل یا لوشن کے ساتھ مالش بھی سود مند ثابت ہوتی ہے۔
ٹھیک طرح سے بال دھونا
بال دھونے سے قبل کنگھی کرنا بھی مفید ہوتا ہے۔ اس سے بال صاف ہوتے ہیں اور شیمپو کم استعمال ہوتا ہے۔ شیمپو لگانے کے بعد بالوں کو اچھی طرح سے دھونا چاہیے تاکہ شیمپو مکمل طور پر نکل جائے۔ زیادہ گرم پانی استعمال کرنا بالوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ٹھنڈے پانے میں تھوڑا سا لیموں کا جوس ڈال کر بال دھونے سے بھی بال صحت مند اور چمکدار ہو جاتے ہیں۔
کنڈیشنر، فائدہ مند ہے یا نہیں؟
بال دھونے کے بعد کنڈیشنر استعمال کرنا اچھا عمل ہے۔ کنڈیشنر بالوں پر ایک ہلکی سی تہہ بنا دیتا ہے جس سے بال محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے اور کنگھی کرنے میں بھی آسانی رہتی ہے۔ کنڈیشنر استعمال کرنے کے بعد گیلے بالوں میں اچھی طرح لیکن احتیاط سے کنگھی کیجیے۔
بال خشک کرنا
گیلے بالوں کو تولیے سے خشک کرنا بالوں کے لیے اچھا نہیں ہے۔ اسی طرح گیلے بالوں کو تولیے سے لپیٹنا بھی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ زیادہ گرم ہیئر ڈرائیر سے بال خشک کرنا بھی مفید نہیں ہے۔ اس لیے یا تو بالوں کو قدرتی طور پر خشک ہونے دیجیے یا پھر ہیئر ڈرائیر کو کم ترین درجہ حرارت پر رکھ کر استعمال کریں۔
مالش کرنا
بالوں اور سر کی جلد کی اچھی طرح سے مالش (ڈیپ کنڈیشننگ) کرنا بالوں کو صحت مند بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ مختلف پودوں کے تیل خشک بالوں کے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ لیکن آپ اپنا کنڈیشنر بھی بنا سکتے ہیں۔ مَگرناشپاتی (اواکاڈو) میں دو چمچ سورج مکھی کے پھول کا تیل اور تھوڑا سا لیموں شامل کر کے گاڑھا پیسٹ بنا لیں اور اسے استعمال کریں۔
بالوں کے ٹوٹے سرے
بالوں کے ٹوٹنے کی کئی وجوہات ہیں۔ دھوپ، خشک ہوا اور گرم ہیئر ڈرائیر سروں کے ٹوٹنے کا سبب بنتے ہیں اور احتیاط کرنے سے بچاؤ ممکن ہے۔
کنگھی کرنے کا طریقہ
کنگھی کرنے کے لیے اچھا برش بہت اہم ہے۔ قدرتی ریشوں سے بنے برش استعمال کرنا زیادہ سود مند ثابت ہوتا ہے۔ اچھی طرح کنگھی کرنے سے سر کی جلد میں موجود قدرتی تیل کو یکساں طور پر پھیلانے میں مدد ملتی ہے۔ سخت اور نوکیلی کنگھی استعمال کرنے سے سر کی جلد متاثر ہوتی ہے۔ کنگھی کو صاف رکھنا بھی ضروری ہے۔
بال رنگنا
تقریباﹰ سبھی رنگوں میں کیمیکل موجود ہوتے ہیں۔ زیادہ دیر تک رہنے والے رنگ بالوں کی جڑوں تک پہنچتے ہیں اس لیے انہیں استعمال کرنا بالوں کے لیے اچھا نہیں ہے۔ اگر مہندی استعمال کی ہو تو اس پر مستقل رنگ استعمال کرنے سے گریز کیجیے۔
متوازن خوراک
صحت مند بالوں کے لیے اچھی خوراک بھی ناگزیر ہے۔ جسم میں منرلز اور وٹامنز کی کمی کا اثر بالوں میں بھی نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔ سبزیاں، مچھلی، دودھ، سویا اور گندم درکار منرلز اور وٹامنز کی کمی ختم کرنے کے لیے از حد ضروری ہیں۔
صحت مند طرز زندگی
مسلسل اور شدید ذہنی دباؤ سے کورٹیزول بھی بڑھ جاتا ہے جس کا براہ راست اثر بالوں پر بھی رونما ہوتا ہے۔ محقیقن اس کی وجوہات ابھی تک نہیں جان پائے لیکن جب تک تحقیق مزید معلومات فراہم نہیں کرتی، ورزش اور آرام کیجیے، اس سے اسٹریس کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اچھی طرز زندگی کے ثمرات آپ کو تندرست بالوں کی صورت میں بھی ملیں گے۔