1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’صحت کے لیے وِن وِن پالیسی آپشن‘

کشور مصطفیٰ7 جولائی 2015

عالمی ادارہ صحت نے دنیا کی تمام ملکوں کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ سگریٹ اور تمباکو کی دیگر مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافہ کر دیں۔

https://p.dw.com/p/1Fu3O
تصویر: Photographee.eu/Fotolia.com

ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اس طرح تمباکو نوشی کے سبب ہونے والی اموات میں کمی اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس بارے میں عالمی ادارے نے ایک رپورٹ باعنوان ’’ دا گلوبل ٹوبیکو اپپیڈیمک دوہزار پندرہ‘‘ یا ’ٹوبیکو کی وبا کی عالمی رپورٹ برائے 2015‘ شائع کی ہے۔ اس رپورٹ میں اقوام متحدہ کی صحت کی اس ایجنسی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بہت کم حکومتیں تمباکو پر لگے ٹیکس کا صحیح استعمال کرتے ہوئے اسے عوام میں تمباکو نوشی کے رجحان کی حوصلہ شکنی کے لیے بروئے کار لا رہی ہیں۔ اس عالمی ادارے کا موقف یہ ہے کہ تمباکو ٹیکس سے حاصل کی جانے والی رقوم کو تمباکو نوشی کے خلاف مہم پر صرف کیا جائے۔ مثال کے طور پر تمباکو نوشی کرنے والوں میں اس عادت کے مضر صحت ہونے کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی کوششیں تیز تر کی جانی چاہییں تاکہ تمباکو نوشی میں کمی اور رفتہ رفتہ اسے ترک کرنے کا رجحان پیدا ہو سکے۔ ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ سگریٹ کے ایک پیکٹ کی قیمت کا 75 فیصد ٹیکس کے طور پر لیا جانا چاہیے۔

Symbolbild Cannabis als Medizin
تمباکو کے عادی افراد اکثر سگریٹ میں گانجے کا استعمال شروع کر دیتے ہیںتصویر: Getty Images

عالمی ادارہ صحت کے اندازوں کے مطابق دنیا بھر میں ہر چھ سیکنڈ میں ایک شخص تمباکو نوشی کی وجہ سے جنم لینے والی کسی نا کسی بیماری کے سبب موت کے مُنہ میں چلا جاتا ہے اور اس طرح سالانہ بنیادوں پر یہ تعداد چھ ملین بنتی ہے۔ اس تعداد میں 2030 ء تک اضافے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ تب تک اگر ’تمباکو نوشی کی وبا‘ پر کنٹرول نہ کیا گیا تو دنیا بھر میں تمباکو نوشی سے متعلق بیماریوں کی وجہ ہے ہر سال ہونے والی اموات 8 ملین سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ دینا بھر میں اس وقت ایک ارب افراد سگریٹ نوشی کرتے ہیں لیکن بہت سے ممالک میں اب بھی تمباکو ٹیکس بہت کم ہے اور چند ممالک میں تو تمباکو پر کوئی خصوصی ٹیکس سرے سے ہے ہی نہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی ڈائریکٹر جنرل مارگریٹ چین نے اس رپورٹ میں کہا ہے کہ’’ تمباکو ٹیکس میں اضافہ دراصل تمباکو کی کھپت میں واضح کمی کا موثر ترین ذریعہ ہے اور اس کی مدد سے تمباکو کی اُن مصنوعات کا استعمال بھی کم کیا جا سکتا ہے جو لاتعداد انسانوں کی جان لے رہی ہیں۔ اس کے علاوہ اس سے کافی ٹیکس بھی جمع ہو گا‘‘۔

Warnhinweis auf Zigarettenschachtel Australien
آسٹریلیا میں سگریٹ کے ڈبوں پر انتباہی تصاویر چھپنے لگی ہیںتصویر: W.West/AFP/GettyImages

تمباکو نوشی کینسر، امراض قلب، پھیپھڑوں کی بیماریوں اور زیابیطیس جیسی مہلک غیر متعدی بیماریوں کے چار خطرے والے عوامل میں سے ایک ہے۔ 2012 ء میں ان بیماریوں کے سبب ہلاک ہونے والے 70 سال سے کم عمر کے افراد کی تعداد 16 ملین بتائی جاتی ہے۔ ان میں سے 80 فیصد اموات غریب اور متوسط آمدنی والے ممالک میں ہوئیں۔