1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان بن لادن کی موت سے سبق سیکھیں، کرزئی

2 مئی 2011

افغان صدر حامد کر زئی نے ملک میں افغان فورسز اور اتحادی فوجوں کے خلاف مصروف عمل طالبان باغیوں سے کہا ہے کہ وہ اسامہ بن لادن کی موت کے بعد اپنی مسلح مزاحمت بند کر دیں۔

https://p.dw.com/p/117Ub
افغان صدر حامد کر زئیتصویر: AP

کابل سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق صدر کرزئی نے پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں ایک فوجی کارروائی کے دوران اسامہ بن لادن کی موت کے پس منظر میں کابل میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی موت کے بعد طالبان کو اپنی مسلح جدوجہد سے باز آ جانا چاہیے۔ صدر کرزئی کے بقول طالبان کو بن لادن کی موت سے لازمی طور پر سبق سیکھنا چاہیے۔

NO FLASH Osama bin Laden ist tot
اسامہ بن لادن جو ایبٹ آباد میں مارے گئےتصویر: AP

صدرحامد کرزئی نے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے شمال کی طرف واقع شہر ایبٹ آباد میں امریکی فوج کے خصوصی کمانڈوز کے ایک آپریشن میں ایک جھڑپ کے دوران بن لادن کی موت کو ایک اہم خبر قرار دیا۔ حامد کرزئی نے کہا کہ اسامہ بن لادن کو ان کے اپنے ہی اعمال کے نتائج بھگتنا پڑے ہیں۔ حامد کرزئی کے بقول یہ بات طے تھی کہ بن لادن کو، جو کچھ انہوں نے کیا تھا، ایک نہ ایک دن اس کی قیمت چکانا ہی تھی۔

افغان صدر حامد کر زئی نے کابل کے صدارتی محل میں ملکی قبائلی رہنماؤں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی خصوصی دستوں کے ہاتھوں ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت ایک ایسی خبر ہے جو یہ ثابت کرتی ہے کہ بن لادن کو بالآخر اس کی قیمت چکانا ہی پڑی، جو کچھ وہ کرتے رہے تھے۔ اس موقع پر ملکی ٹیلی وژن سے براہ راست نشر کیے گئے اپنے بیان میں حامد کر زئی نے یہ بھی کہا کہ طالبان کو اب اپنی مسلح مزاحمت ترک کر کے امن کا راستہ اپنانا چاہیے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں