1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتایشیا

بھارت پروازیں شروع کرنے کی اجازت دے، طالبان

صلاح الدین زین ڈی ڈبلیو، نئی دہلی
30 ستمبر 2021

بھارت میں شہری ہوا بازی کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ طالبان نے کابل سے پروازیں دوبارہ بحال کرنے کے لیے ایک مکتوب بھیجا ہے۔ آریانہ ایئر اور کام ایئر کی بھارت کے لیے پروازیں پندرہ اگست سے بند ہیں۔

https://p.dw.com/p/414b2
تصویر: picture-alliance/EPA/S. Sabawoon

افغانستان میں طالبان کے ماتحت شہری ہوا بازی کے محکمے نے بھارت کے ڈائریکٹر جنرل آف سول ایویشین (ڈی جی سی اے) کو جو خط لکھا ہے، اس کے مطابق طالبان نے افغانستان کی ’کام ایئر‘ اور سرکاری کمپنی ’آریانہ افغان ایئر لائن‘ کی پروازیں کابل اور نئی دہلی کے درمیان دوبارہ شروع کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس سلسلے میں جب ڈی جی سی اے کے ڈائریکٹر سے رابطہ کیا گيا تو انہوں نے اس خط کے موصول ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ چونکہ یہ پالیسی سازی کی بات ہے اس لیے اس پر فیصلہ شہری ہوا بازی کی وزارت کو کرنا ہے۔

پندرہ اگست کو کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد سے افغانستان اور دنیا کے بیشتر ممالک کے درمیان پروازوں کی آمد و رفت بحال نہیں ہو پائی ہے اور فی الوقت صرف چند پڑوسی ممالک کے درمیان ہی پروازیں جاری ہیں۔ طالبان کی کوشش ہے کہ فضائی آمد و رفت  پہلے جنوبی ایشیا میں بحال کی جائے۔

خط میں کیا تحریر ہے؟

طالبان کی عبوری حکومت میں نقل و حمل اور شہری ہوا بازی کے کارگزار وزیر الحاج حمید اللہ اخون زادہ کی جانب سے بھارتی حکام کو خط موصول ہوا ہے۔ اس خط پر سات ستمبر کی تاریخ درج ہے تاہم بھارت کو یہ حال ہی میں ملا ہے اور اس کا انکشاف 29 ستمبر بدھ کے روز بھارتی میڈیا نے کیا تھا۔

مکتوب میں لکھا ہے،’’اس خط کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت کو برقرار رکھنا ہے، جو دونوں ملکوں اور ہماری قومی کیریئرز (آریانا افغان ایئر لائن اور کام ایئر)  کے درمیان دستخط شدہ معاہدے کے عین مطابق ہے۔ اس کا مقصد معاہدے کے تحت طے شدہ پروازوں کو دوبارہ شروع کرنا ہے، لہذا افغانستان سول ایوی ایشن اتھارٹی آپ سے کمرشل پروازوں کی سہولت دوبارہ سے فراہم کرنے کی درخواست کرتی ہے۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا کہ اس سلسلے میں افغانستان کی اسلامی امارت آپ کو ہر طرح کی یقین دہانی کراتی ہے،’’جیسا کہ آپ کو اچھی طرح سے معلوم ہے کہ امریکی فوجیوں نے انخلاء مکمل ہونے سے قبل کابل ایئر پورٹ کو کافی نقصان پہنچایا تھا اور اسے غیر فعال کر دیا تھا۔ ہمارے قطری بھائیوں کی تکنیکی مدد سے ایئر پورٹ ایک بار پھر قابل استعمال ہو گیا ہے اور اس سلسلے میں چھ ستمبر کو ایک نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔‘‘

DW Investigativ Special zum Thema LGBTQ Menschen nach der Machtübernahme durch die Taliban
تصویر: privat

بین الاقوامی پروازوں کا آغاز

طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل پر پندرہ اگست کو قبضہ کر لیا تھا، جس کے بعد سولہ اگست سے اس کی فضائی حدود کو غیر محفوظ قرار دے دیا گیا تھا اور نتیجتا تمام کمرشل فلائٹس بند ہو گئی تھیں۔  تاہم اس کے بعد طالبان قطر کی مدد سے کابل سمیت ملک کے کئی ہوئی اڈوں پر آپریشن دوبارہ بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

آریانہ افغان ایئر لائن کی اندرون ملک پروازیں فی الوقت جاری ہیں جبکہ پہلی بین الاقوامی پرواز کا آغاز  13 ستمبر کو اسلام آباد اور کابل کے درمیان ہوا تھا، جس کی ابتدا پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق فی الوقت پاکستان اور ایران سے بین الاقوامی پروازیں باضابطہ طور پر جاری ہیں جبکہ قطر ایئرویز نے بھی کابل سے بعض فلائٹس شروع کی تھیں۔

اب بھی ہزاروں افراد پھنسے ہیں

امریکی اور دیگر بیرونی افواج کے انخلاء کے وقت کابل ایئر پورٹ عالمی توجہ کا مرکز تھا جہاں سے امریکا، یورپ اور بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک نے وہاں سے شہریوں کو نکالنے کے لیے ایک خاص مہم شروع کر رکھی تھی۔ اس کے لیے جنگی طیاروں کا بھی استعمال کیا گیا۔

ان تمام کوششوں کے باوجود اب بھی افغانستان میں ایسے ہزاروں لوگ ہیں جو ملک سے نکلنا چاہتے ہیں تاہم پروازوں کی قلت کے سبب پھنسے ہوئے ہیں۔ اس میں ایک بڑی تعداد ایسے افغانوں کی بھی ہے جو پہلے غیر ملکی افواج کے لیے کام کیا کرتے تھے اور اب انہیں اپنے ہی ملک میں خطرات کا سامنا ہے۔

انخلا  سے قبل تک کابل ایئر پورٹ ایک مصروف ہوائی اڈہ تھا، جہاں سے متعدد ممالک کے لیے پروازیں اڑا کرتی تھیں۔ بھارت کی سرکاری ایئر لائن ایئر انڈیا اور ایک نجی کمپنی اسپائس جیٹ بھی کابل اور دہلی کے درمیان پروازیں اڑاتے رہے تھے تاہم اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان ایسے تمام رابطے بند ہیں۔

طالبان کا معاشی بحران زدہ ’پر امن‘ افغانستان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں