عالمی رہنما سیاسی اُمور سے دور تعطیلات کیسے مناتے ہیں؟
سیاستدان بھی آخر انسان ہی تو ہیں اور چھٹیوں پر جانا کون نہیں چاہتا۔ ڈی ڈبلیو نے تصاویر کے ذریعے اس بات پر نظر ڈالی ہے کہ کون سا عالمی لیڈر اپنی نجی چھٹیاں کہاں اور کیسے مناتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سابق صدر اوباما پر اس حوالے سے بہت تنقید کیا کرتے تھے کہ وہ چھٹیاں بہت لیتے ہیں۔ تاہم ٹرمپ خود گرما گرم سیاسی معاملات سے فرار حاصل کر کے سترہ روز کے لیے نیو جرسی میں واقع اپنے ریزورٹ روانہ ہوئے۔ یہ الگ بات کہ ٹرمپ کو چھٹیوں میں بھی کام سے فراغت نہیں مل سکتی۔
ولادیمیر پوٹن
روسی صدر ولادیمیر پوٹن اپنی چھٹیاں ایسی مقامات پر گزارنا پسند کرتے ہیں جہاں انہیں زیادہ کپڑے نہ پہننے پڑیں۔ پوٹن نے رواں برس موسم گرما کی چھٹیوں کے لیے سائبیریا کا انتخاب کیا اور اپنے ہمراہ میڈیا کی ایک ٹیم بھی لے گئے تاکہ مچھلیاں پکڑتے اور کشتی رانی کرتے ہوئے لمحات کو تصویروں میں قید کر کے روسی عوام تک بھی پہنچایا جا سکے۔
انگیلا میرکل
جرمن چانسلر انگیلا میرکل گزشتہ دس برسوں سے گرمیوں میں شمالی اٹلی کے الپائن کے علاقے میں اپنے شوہر کے ہمراہ چھٹیاں گزارتی ہیں۔ تاہم سفر پر روانہ ہونے سے قبل وہ اپنی ٹریڈ مارک لال رنگ کی کیپ لینا نہیں بھولتیں۔ جرمن میڈیا اس کیپ کو ’ چانسلرز کیپی‘ کہتا ہے۔ سن 2014 میں سکیٹنک کرتے ہوئے اسی علاقے میں چانسلر میرکل گر گئی تھیں اور اُن کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔
ٹریزا مے
اپنی جرمن ہم منصب کی طرح برطانوی وزیر اعظم ٹیریزا مے بھی ہائکنگ کی شوقین ہیں۔ سن دو ہزار سولہ میں مے نے اپنے شوہر کے ہمراہ سویٹزر لینڈ میں کوہ پیمائی کی۔ البتہ سن 2017 اپریل میں اُنہوں نے چھٹیوں کے پانچ دن ویلز میں نیشنل پارک سنوڈونیا میں گزارے۔
ایمانوئیل ماکروں
اگرچہ نو منتخب فرانسیسی وزیر اعظم ماکروں اور اُن کی بیگم کے پاس فی الحال تفریح کرنے کے لیے زیادہ وقت نہیں۔ تاہم جب بھی اُن کے پاس کچھ وقت ہوتا ہے وہ اس کا استعمال بھرپور طور پر کرتے ہیں۔ اس تصویر میں یہ جوڑا اپریل سن دو ہزار سترہ میں ایک پہاڑ پر دوپہر کے کھانے کے وقفے میں لطف اندوز ہوتا نظر آ رہا ہے۔
جسٹن ٹرو ڈائے
کینیڈین وزیر اعظم کا بہاماس کے جزیرے پر نئے سال کے ہالی ڈے ٹرپ کو عوام کی جانب سے اُس وقت تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب یہ پتہ چلا،کہ وہ اس ٹور کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کے بجائے ایک پرائیویٹ ہیلی کاپٹر لے گئے ہیں۔ ٹروڈائے گرمیوں میں گھر سے قریب رہنا چاہتے ہیں۔
ماریانو راخوئے
ہسپانوی وزیر اعظم ماریانو راخوئے کے لیے گرمیوں کی تعطیلات اتنے آرام سے نہیں آئیں۔ اُنہیں جولائی سن 2017 میں اپنی قدامت پسند جماعت پیپلز پارٹی کے فراڈ اور رشوت خوری کے حوالے سے ایک مقدمے میں بطور گواہ عدالت میں پیش ہونا پڑا۔ تاہم ایک پریس کانفرنس کے بعد راخوئے اپنے من پسند تفریحی مقام گلیشیا کی جانب روانہ ہو گئے۔
رابرٹ موگابے
زمبابوے کے طویل عرصے سے چلے آ رہے صدر جب بھی چھٹیوں پر جاتے ہیں، اُن پر تنقید ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اقتصادی بدحالی کے شکار ملک زمبابوے کو ترانوے سالہ موگابےکی ہر سال موسم سرما میں ایک ماہ سے زیادہ کی تعطیلات کا خرچہ برداشت کرنا پڑتا ہے۔ سن 2017 کے آغاز میں سنگاپور میں اُن کی تعطیلات پر آنے والے اخراجات مبینہ طور پر چھ ملین ڈالر تھے۔
کم جونگ اُن
شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن اپنے بین الاقوامی طور پر الگ تھلگ ملک تک محدود سہی لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ وہ تعطیلات کا خواب نہیں دیکھ سکتے۔ کم جونگ اُن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ چھوٹی عمر ہی سے ڈزنی ورلڈ کو جنون کی حد تک پسند کرتے ہیں اور جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سن انیس سو اکیانوے میں ایک فرضی نام سے وہ ٹوکیو کے ڈزنی لینڈ کی سیر بھی کر چکے ہیں۔