1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی رہنما وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو

22 مارچ 2021

سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سميت کئی عالمی رہنماؤں نے وزیر اعظم پاکستان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ عمران خان ميں ہفتے کو کورونا وائرس کی تشخيص ہوئی تھی۔

https://p.dw.com/p/3qxuw
Pakistan Imran Khan
تصویر: Reuters/Mary F. Calvert


پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا گزشتہ ہفتے کے دن کورونا وائرس کا ٹيسٹ مثبت آيا۔ وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر عام ہوتے ہی انہیں متعدد عالمی رہنماؤں کی جانب سے جلد صحت یابی کے پیغامات موصول ہونا شروع ہو گئے۔ ایشیا کے کئی ملکوں سمیت مشرق وسطیٰ، امریکا اور یورپ کے کئی رہنماؤں اور سفارت کاروں نے اپنے پیغامات میں وزیراعظم عمران خان کی تندرستی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز ہی اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے وزیر اعظم عمران خان کے لیے  کووڈ انيس سے جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سعودی پریس ایجنسی نے پیر کے روز بتایا کہ سعودی شاہ اور ولی عہد نے وزیر اعظم کو ٹیلی گرام  کے ذریعے صحت یابی کے پیغامات بھیجے۔

چینی سفیر لونگ رونگ نے اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم کے لیے کووڈ انيس سے صحت یابی کی تمنا کا اظہار کیا۔

اسی طرح ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے لکھا کہ، ’’اللہ آپ کو اور خاتون اول کو جلد صحت یابی عطا کرے۔‘‘

پاکستان کے قريبی اتحادی ملک ترکی کے مندوب مصطفیٰ یار دہکول نے بھی جلد صحت یابی کے ليے دعا کی۔

جرمنی کے سفیر برنارڈ شلاگیک نے کہا کہ ان کے ’خیالات اور دعائیں پاکستانی وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔‘

افغان قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے بھی ٹویٹ کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔