1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی کپ مقابلے: پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

19 مارچ 2011

عالمی کپ مقابلوں کے سلسلے میں کھیلے گئے اپنے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر گروپ اے کا لیڈر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10cch
عمر اکمل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائےتصویر: AP

عالمی کپ مقابلوں کے سلسلے میں کھیلے گئےاپنے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 176 رنز پر ڈھیر کر دیا ہے۔ اور 177 کاہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر اکتالیس اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔ آج کے میچ کی خاص بات اسد شفیق اورعمر اکمل کی متاثر کن بلے بازی رہی۔ عمر اکمل نے چوالیس رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اسد شفیق نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھیالیس رنز بنائے۔ وہ مچل جانسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس معمولی ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرمحمد حفیظ پانچ رنز بنا کر بارہ کے مجموعی سکور پر بریٹ لی کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں کامران اکمل تئیس جبکہ یونس خان اکتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مصباح الحق پہلی گیند پر ہی ہیڈن کو کیچ دے بیٹھے۔ ان چاروں کھلاڑیوں کو بریٹ لی نے آؤٹ کیا۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں واقع آر پریما داسا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ اے کے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہو گیا، جب عمر گل نے کھیل کی ابتدا میں ہی اپنی ایک عمدہ گیند پراوپنر شین واٹسن کو کلین بولڈ کر دیا، بعد ازاں بریڈ ہیڈن نے کچھ مزاحمت دکھائی اور عمدہ اسٹروکس کھیلے، لیکن پاکستان کی نپی تلی بولنگ کے سامنے آج آسٹریلوی بلے باز بے بس ہی نظر آئے۔

Kricket Australien England
آسٹریلیا کی ٹیمتصویر: AP

رکی پونٹنگ کو محمد حفیظ نے آؤٹ کیا تو وہاب ریاض نے بریڈ ہیڈن کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ مائیکل کلارک عبدالزاق کی گیند پر بولڈ ہوئے اور کیمرون وائٹ رن آؤٹ۔ اور پھر بعد میں عبدالرحمان نے خطرناک کھلاڑی مائیکل ہسی کو آؤٹ کر کے آسٹریلوی ٹیم کو ایک دھچکہ لگا دیا۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں ہی ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی طرف سے عمر گل نے تین، عبدالرازق نے دو جبکہ شاہد آفریدی، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور عبدالرحمان نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

1992ء کےعالمی کپ مقابلوں کے بعد آسٹریلوی ٹیم کا یہ کم ترین مجموعی سکور ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم عالمی کپ مقابلوں میں آخری مرتبہ 1999ء میں شکست سے دوچار ہوئی تھی۔ اس وقت بھی آسٹریلوی ٹیم کو پاکستانی ٹیم نے گروپ میچ میں شکست دی تھی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں