1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عدالتی اصلاحات کے قانون کو ویٹو کر دوں گا، پولستانی صدر

عابد حسین
24 جولائی 2017

پولینڈ کے صدر نے واضح کیا ہے کہ وہ عدالتی نظام میں اصلاحات کے قانون کی توثیق نہیں کریں گے۔ پولینڈ کی قدامت پسند حکومت ملکی عدالتی نظام میں واضح تبدیلیاں لانے کی متمنی ہے۔

https://p.dw.com/p/2h3Bp
Andrzej Duda
تصویر: picture alliance/Pap/P.Supernak

پولینڈ کے صدر آندرژ ڈُوڈا نے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں منظور کی جانے والی عدالتی اصلاحات کی دو دستوری ترامیم کو ویٹو کر دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ یہ قانونی بِل پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں سیّم (Sejm) میں واپس بھیج دیں گے۔ پولینڈ میں سیّم کو صدارتی توثیق کے بغیر قانونی بل کی واپسی سے مراد ویٹو لی جاتی ہے۔

پولینڈ کی دستوری اصلاحات، عوام ناراض، یورپی یونین کی وارننگ

پولش سپریم کورٹ پر سیاستدانوں کا کنٹرول، متنازعہ قانون منظور

مہاجرین کو پناہ دینے سے انکار ہمارا اخلاقی حق ہے، کاچنسکی

یہ ابھی واضح نہیں کہ دستوری ترامیم کے مسودہٴ قانون کو صدارتی توثیق کے لیے کب پیش کیا جا رہا ہے۔ صدر ڈُوڈا کو جو دو قانون بل پیش کیے جانے ہیں، ان میں ایک سپریم کورٹ اور دوسرا قومی عدالتی کونسل سے متعلق ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس فیصلے سے صدر قدامت پسند حکومت کے مقابلے پر آ گئے ہیں اور یہ ملکی سیاسی انتشار میں اضافے کا باعث بن سکے گا۔

Polen Protesten gegen Gerichtsreform
دستوری اصلاحات کے خلاف پولستانی مظاہرین کا شبینہ احتجاجتصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Keplicz

پولینڈ کے ایوانِ بالا سینیٹ نے عدالتوں میں اصلاحات لانے کے قانون میں ترامیم کی منظوری جمعہ اکیس جولائی کو دی تھی۔ ان ترامیم کی منظوری سے وارسا حکومت کو عدالتوں میں اپنی مرضی کے جج نامزد کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔

پولینڈ میں ہزاروں افراد نے اس حکومتی اقدام کی مخالفت میں احتجاجی مظاہروں میں شرکت بھی کی تھی۔ ناقدین کا خیال ہے کہ پولینڈ کی قدامت پسند حکومت ملکی عدلیہ کی آزادی کو کنٹرول کرنے کی کوشش میں ہے۔

پولینڈ کی اپوزیشن پارٹیوں نے اس صدارتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اپوزیشن کے مقبول سیاستدان کتارسینا لبناؤئر نے پولستانی عوام کو مبارک باد دی ہے کہ ان کی مختلف مظاہروں میں بھاری شرکت کے باعث صدر نے اس دستوری ترمیم کو ویٹو کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس دستوری پیش رفت پر یورپی یونین نے پولینڈ کو تادیبی اقدامات سے متنبہ کر رکھا ہے۔ دوسری جانب ہنگری کی قدامت پسند حکومت نے پولش حکومت کی عدالتی اصلاحات کو درست قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کی تھی۔