عرب ملک شام میں بھی ’آزادی‘ کے مطالبات
22 مارچ 2011درعا میں یہ مظاہرے گزشتہ ہفتے شروع ہوئے تھے اور اِن کا مقصد اُن پندرہ بچوں کی رہائی کے لیے احتجاج کرنا تھا، جنہیں دیواروں پر احتجاجی نعرے لکھنے کی پاداش میں حراست میں لیا گیا تھا۔ تب سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار شہریوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ پیر کو اِن بچوں کو رہا کر دیا گیا۔
یہ حالیہ مظاہرے 45 سالہ صدر بشار الاسد کے گیارہ سالہ دَورِ حکومت کے لیے اب تک کے سب سے بڑے چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں۔ بشار الاسد نے سن 2000ء میں اقتدار سنبھالا تھا، جب اُن کے 70 سالہ والد حافظ الاسد تیس سال تک ملک پر حکمرانی کرنے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔
مظاہرے منظم کرنے والوں کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے فائر کیے جانے والے آنسو گیس کے گولوں کے دھوئیں سے متاثر ہونے والا ایک گیارہ سالہ بچہ گزشتہ رات انتقال کر گیا۔ پیر کو کم از کم پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
درعا سے تیس کلومیٹر مغرب کی جانب ایک زرعی قصبے جاسم میں مظاہرین نعرے لگا رہے تھے: ’’یہ پُر امن ہے، پُر امن۔ خدا، شام، آزادی۔‘‘ مظاہرے نوا اور انخیل نامی قصبوں میں بھی منظم کیے گئے، جہاں شرکاء نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر لفظ ’آزادی‘ تحریر تھا۔ مظاہرین ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کی باتیں کر رہے ہیں تاہم اُن کا کہنا ہے کہ صدر بشار الاسد کے اقتدار کا خاتمہ اُن کا مطمع نظر نہیں ہے۔
شام میں اپوزیشن کی قیادت 80 سالہ وکیل اور سابق جج ھیثم المالح کر رہے ہیں، جنہوں نے پوری زندگی شام میں بعث پارٹی کی اجارہ داری کے خلاف پُر امن جدوجہد کرتے ہوئے گزاری ہے۔ اِس جدوجہد کے دوران اُن کا زیادہ تر عرصہ جیل میں گزرا ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ شام میں جمہوری اصلاحات کے لیے عوام کی امنگ آفاقی ہے: ’’انقلاب دروازے پر دستک دے رہا ہے اور حکومت محض ’تبدیلی‘ کی باتیں کر رہی ہے۔‘‘
غیر جانبدار شخصیات ایک عرصے سے صدر اسد پر زور دے رہی ہیں کہ وہ آئین کی حکمرانی کو رواج دیں، سخت سکیورٹی ڈھانچوں کو ختم کریں، اظہار رائے کی آزادی دیں، ہزاروں سیاسی قیدیوں کو رہا کریں اور یہ بتائیں کہ وہ ہزار ہا انسان کہاں ہیں، جو 80ء کے عشرے کے دوران ریاستی جبر و استحصال کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے۔
حکمران بعث پارٹی نے اپوزیشن پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور 1963ء سے ملک میں ہنگامی قوانین نافذ کر رکھے ہیں۔
فرانس نے، جو کہ مغربی دُنیا میں شامی قیادت کا سب سے بڑا حامی چلا آ رہا ہے، دمشق حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اصلاحات کے لیے شامی عوام کی خواہشات پر مثبت ردعمل ظاہر کرے۔ امریکہ نے مظاہرین کے خلاف تشدد کے استعمال کی مذمت کی ہے۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: مقبول ملک