عمران خان کی طرف سے عمر ایوب وزارت عظمیٰ کے امیدوار نامزد
15 فروری 2024
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اورپاکستان تحریک انصافکے چیئرمین عمران خان نے جمعرات کو اپنے ایک معاون خاص عمر ایوب خان کو پارلیمان میں وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے امیدوار کے طور پر نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت اکثریت حاصل نہ کر سکی۔
عمران خان کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے تاہم 264 میں سے 92 نشستیں حاصل کیں۔ اس طرح وفاقی پارلیمان میں یہ سب سے بڑا سیاسی گروپ بن کر اُبھرا ہے۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے بانی اور جیل میں مقید لیڈر عمران خان نے حالیہ الیکشن کے بعد سامنے آنے والی تین بڑیسیاسی جماعتوں میں سے کسی ایک کے ساتھ بھی اتحاد کے امکانات کو رد کردیا ہے۔ تاہم اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ان کے آزاد امیدوار فی الحال حکومت بنانے کے لیے نشستوں کی مطلوبہ تعداد پوری نہیں کر سکیں گے۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرنے والے تحریک انصاف کے ایک سینیئر لیڈر اسد قیصر نے صحافیوں کو بتایا کہ اس میٹنگ میں عمران خان نے کہا ،''عمر ایوب وزارت عظمیٰ کے لیے ہمارے امیدوار ہوں گے۔‘‘
اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی عمر ایوب کی بطور وزیر اعظم نامزدگی کے بارے میں بات چیت کے لیے دیگر جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔ یہ سب کچھ ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب پی ٹی آئی اور عمران خان کے مخالفین پہلے ہی حکومت بنانے کے لیے اتحاد کا اعلان کر چُکے ہیں۔
یاد رہے کہ 8 فروری کے الیکشن میں عمران خان کی سیاسی جماعت کو اُس کے انتخابی نشان سے محروم کر دیا گیا تھا اور الیکشن کمیشن نے تکنیکی بنیادوں پر پی ٹی آئی کو بطور سایسی جماعت الیکشن لڑنے سے روک دیا تھا۔ اس کے سبب پاکستان تحریک انصاف کے تمام حامیوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔
عمران خان پر لگنے والی پابندی اور انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیے جانے کے باوجود سابق کرکٹر کے لاکھوں حامی 8 فروری کو ووٹ ڈالنے کے لیے نکلے۔
یاد رہے کہ عمران خان کو ریاستی راز افشا کرنے سے لے کر کرپشن تک کے الزامات کے تحت سزائیں سنائی گئیں ہیں۔
عمر ایوب خان اس وقت مختلف مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہیں اور روپوش ہیں۔ ان پر لگے الزامات میں ان فسادات کا حصہ ہونے کا الزام بھی شامل ہے۔ یہ فسادات عمران خان کی گرفتاری کے بعد شروع ہوئے تھے۔
عمر ایوب نے عوامی منظر نامے پر آئے بغیر ہی 8 فروری کے الیکشن کی مہم چلائی اور پارلیمان کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔ وہ ماضی میں عمران خان کے مرکزی حریف نواز شریف اور سابق فوجی حکمران حنرل پرویز مشرف کی حکمران پارٹی کے رکن بھی رہ چُکے ہیں۔ واضح رہے کہ عمر ایوب خان پاکستان کے پہلے فوجی عامر جنرل ایوب خان کے پوتے ہیں۔ جنرل ایوب خان نے 1958ء تا 1969 ء پاکستان پر حکومت کی تھی۔
ک م / ع ب (روئٹرز)