1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزل ’دم توڑ‘ رہی ہے، جگجیت سنگھ

6 ستمبر 2011

غزل گائیکی کے بادشاہ جگجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارت میں غزل گانے والے ختم ہو رہے ہیں اور نئی نسل چاہتے ہوئے بھی غزل گانے سے قاصر ہے۔ ان کے مطابق ری مِكس کے زمانے میں کلاسیکی گائیکی دم توڑ رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/12TYQ
تصویر: AP

گائیکی کے کچھ ريئلیٹی شوز میں خود جج کا کردار ادا کرنے والے جگجیت سنگھ اب ایسے پروگراموں سے اکتاہٹ محسوس کر رہے ہیں۔ گزشتہ چار دہائیوں سے گائیکی سے وابستہ جگجیت کہتے ہیں، ’’ريئلیٹی شوز فنِ غزل میں کوئی بہتری نہیں لا رہے۔ وہ بس 15منٹ کے لیے مقبولیت فراہم کرتے ہیں۔ اس کے بعد فاتح وہاں سے نیچے کی طرف گرتے چلے جاتے ہیں۔ چینلوں کے لیے یہ کاروباری مصنوعات کی طرح ہیں۔‘‘

Sänger Jagit Singh
تصویر: UNI

غزل گائیکی کے مستقبل کے بارے میں جگجیت سنگھ فکر مند ہیں، ’’ان دنوں بہت کم غزل گلوکار بچے ہیں کیونکہ انہیں کوئی پلیٹ فارم نہیں مل رہا ہے۔ نئی نسل سیکھنا چاہتی ہے، لیکن اب یہ مقبول نہیں رہی، تو نوجوان اس کی تربیت بھی حاصل نہیں کر رہے، ایسی صورت حال میں آپ نئی نسل کو غزل گاتے اور سنتے ہوئے کس طرح دیکھ سکتے ہیں۔‘‘

بھاری آواز اور کلاسیکی گائیکی کے لیے جانے جانے والے 70 سال کے جگجیت سنگھ کا خیال ہے کہ بھارت میں باصلاحیت گلوکاروں کی کمی نہیں ہے لیکن چمک دھمک کے اس دور میں اصل  گلوکار کا آگے آنا مشکل ہے، ’’اگر چینل والے فطری صلاحیتوں کی واقعی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں، تو انہیں شرکاء کو شو ختم ہونے کے بعد بھی تربیت دینا چاہیے۔ موسیقی ایک وسیع موضوع ہے۔ اس کی اپنی ریاضی اور گرائمر ہے۔ جب تک کسی کو یہ سب پتہ نہیں ہوتا، وہ ایک اچھا گلوکار نہیں بن سکتا۔ 15 سال تک موسیقی سیکھنے کے بعد ہی کسی کو غزل گائیکی کا فن حاصل ہو سکتا ہے۔‘‘

جگجیت سنگھ  مشہور پاکستانی غزل گلوکار غلام علی کے ساتھ دہلی میں تھے۔ پرانے دن یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’جب وہ (غلام علی) بھارت آتے ہیں، تو ممبئی میں میرے گھر آتے ہیں۔ ہم موسیقی کے بارے میں بھی گفتگو کرتے ہیں لیکن زیادہ تر وقت گھر اور خاندان کے بارے میں بات ہوتی ہے۔  ہم 1980 میں ایک محفل موسیقی کے دوران لندن میں ملے تھے اور تب سے ہی یہ دوستی چلی آ رہی ہے۔‘‘

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں