1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

غزہ جنگ پھیلی تو تباہی کا ’تصورکرنا مشکل‘ ہو گا، مصری صدر

20 اگست 2024

عبدالفتاح السیسی نے خطے کے دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں غزہ میں فریقین سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ انٹونی بلنکن جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے معاہدہ یقینی بنانے کے لیے مصر میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/4jh0u
مصر اور امریکہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے ثالثی کا کردار بھی ادا کرنے والے ممالک میں شامل ہیں
مصر اور امریکہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے ثالثی کا کردار بھی ادا کرنے والے ممالک میں شامل ہیںتصویر: Egyptian Presidency/Xinhua/picture alliance

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غزہ  کی جنگ علاقائی سطح پر اس طرح سے پھیل سکتی ہے، جس کا ''تصور کرنا مشکل‘‘ ہے۔ یہ انتباہ انہوں نے خطے کے دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے آج منگل کے روز مصر کے ساحلی سیاحتی قصبے العلمین میں ایک ملاقات کےبعد کیا۔

مصری ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق صدر السیسی کا کہنا تھا، ''غزہ میں جنگ بندی فلسطینی ریاست کی وسیع تر بین الاقوامی شناخت اور دو ریاستی حل کے نفاذ کا آغاز ہونا چاہیے کیونکہ یہ دونوں عوامل خطے میں استحکام کے بنیادی ضامن ہیں۔‘‘

غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے بلنکن کا یہ مشرق وسطیٰ کا نوواں دورہ ہے
غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے بلنکن کا یہ مشرق وسطیٰ کا نوواں دورہ ہےتصویر: Kevin Mohatt/REUTERS

بلنکن نے ایک دن  قبل یعنی کل پیر کے روز تل ابیب میں اسرئیلی صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔ سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر دہشت گردانہ حملے کے بعد سےغزہ میں جاری جنگ کے دوران انٹونی بلنکن کا یہ خطے کا نوواں دورہ ہے۔

اسرائیلی قیادت سے ملاقاتوں کے موقع پر اس اعلیٰ ترین  امریکی سفارت کار کا کہنا تھا کہ ثالثوں کے ذریعے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے موجودہ مذاکرات قیام امن کا 'آخری موقع ہو سکتے ہیں‘۔

بلنکن کے مصر کے دورے کا مقصد بھی غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر ممکنہ پیش رفت کے لیے اس ہفتے کے آخر میں ہونے والی بات چیت کی کامیابی کے لیے زور دینا ہے، جو اب تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکی۔

بلنکن نے  پیر کے روز تل ابیب میں اسرئیلی صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں
بلنکن نے پیر کے روز تل ابیب میں اسرئیلی صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیںتصویر: Ariel Hermoni/IMoD/Anadolu/picture alliance

مصری صدر کا اپنے بیان میں کہنا تھا، ''وقت آ گیا ہے کہ ابھی تک جاری اس جنگ کو ختم کیا جائے، دانش مندی کا سہارا لیا جائے اور امن اور سفارت کاری کی زبان کو برقرار رکھا جائے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام فریقوں کو ''علاقائی سطح پر پھیلنے والے تنازعے کے خطرے‘‘ سے ہوشیار رہنا چاہیے۔

ش ر⁄ ا ا، م م (روئٹرز، اے ایف پی)

’فلسطینیوں کی سلامتی کے بغیر اسرائیلی سکیورٹی ممکن نہیں‘