’مشرقِ وسطیٰ میں غیر منصفانہ حل مزید مشکلات پیدا کرے گا‘
23 فروری 2020بہ ظاہر صدر ٹرمپ کے پیش کردہ مشرقِ وسطیٰ امن منصوبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں غیر منصفانہ حل اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان نئے تنازعات کا باعث بنے گا۔ پوپ فرانسِس نے یہ بات جنوبی اطالوی بندرگاہی شہر باری میں بشپس کے ایک اجتماع سے ملاقات کے بعد کہی۔
ٹرمپ کے مشرقی وسطٰی امن منصوبے پر یورپی یونین کی تنقید
ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ امن منصوبہ ’سوئس پنیر‘ جیسا، فلسطینی صدر
انہوں نے کہا، ''بحیرہء روم کا خطہ عدم استحکام اور تنازعات کی بناء پر خطرات کا شکار ہے، جہاں ایک طرف مشرق وسطیٰ اور دوسری جانب شمالی افریقی ممالک مختلف نسلی، مذہبی اور دیگر گروہوں کے جھگڑوں کا سامنا کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''اسرائیلی اور فلسطینیوں کے درمیان تنازعے میں غیر منصفانہ حل سے پیدا ہونے والے خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کیوں کہ اس سے وہاں نئے تنازعات پیدا ہو سکتے ہیں۔‘‘
باری میں پوپ کے ساتھ ملاقات میں آرچ بشپ پیرباٹیسا پیزابالا بھی شامل تھے، جو اسرائیل، فلسطینی علاقے اور اردن کے علاقوں کے بشپ ہیں۔
پوپ فرانسِس فلسطینیوں کے حقوق اور اسرائیل کی سلامتی، دونوں کے حق میں آواز اٹھاتے ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 28 جنوری کو پیش کردہ مشرقِ وسطیٰ امن منصوبے کے بعد پوپ فرانسِس نے اس موضوع پر گفت گو کی ہے۔
صدر ٹرمپ کے منصوبے کے بعد اسرائیلی کی حاکمیت مغربی کنارے میں یہودی بستیوں تک تسلیم کی جائے گی، جب کہ فلسطینیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی ریاست کے قیام کے لیے متعدد شرائط پر عمل کریں، جن میں ایک یہ بھی شامل ہے کہ مستقبل کی فلسطینی ریاست کا دارالحکومت مشرقی یروشلم کے نواح میں مغربی کنارے کے ایک گاؤں میں ہو گا۔
گو کہ ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ اس طرح مشرقِ وسطیٰ میں کئی دہائیوں سے جاری تنازعہ ختم کیا جا سکتا ہے، تاہم فلسطینیوں نے اس منصوبے کو اسرائیل نواز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں اس منصوبے کے اعلان کے وقت اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کھڑے تھے، تاہم وہاں کوئی فلسطینی موجود نہیں تھا۔