1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانسیسی موٹر وے پر نو ملین یورو کے زیورات لوٹ لیے گئے

مقبول ملک11 مارچ 2015

فرانس میں ایک موٹر وے پر ڈکیتی کی ایک واردات میں پندرہ مسلح افراد نے قریب نو ملین یورو مالیت کے زیوارات لوٹ لیے۔ ڈاکو وہ دونوں ہائی سکیورٹی گاڑیاں ہی ساتھ لے گئے، جن میں یہ زیورات اور ہیرے جواہرات لدے ہوئے تھے۔

https://p.dw.com/p/1Eobr
تصویر: picture-alliance/dpa

فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس واردات میں 15 مسلح حملہ آوروں نے برگنڈی کے علاقے میں ایک نیشنل موٹر وے پر دو ایسی گاڑیوں کو روکا، جنہیں ڈکیتی یا ایسے کسی بھی دوسرے جرم کے خلاف خاص طور پر بہت محفوظ سمجھا جاتا تھا۔

ان حملہ آوروں نے یہ ہائی سکیورٹی گاڑیاں زبردستی روکیں، پھر اسلحہ دکھا کر ڈرائیوروں کو گاڑیوں سے نکلنے پر مجبور کیا اور بعد ازاں یہ گاڑیاں لے کر فرار ہو گئے۔ ان دو گاڑیوں میں مجموعی طور پر نو ملین یورو یا قریب دس ملین ڈالر کے برابر مالیت کے زیورات اور ہیرے جواہرات لدے ہوئے تھے۔

Straßburg Anti-Terror-Einsatz
ڈکیتی کی یہ واردات A6 نامی اس فرانسیسی موٹر وے پر پیش آئی، جو پیرس اور لیوں کے بڑے شہروں کو ملاتی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو علی الصبح پیش آیا اور اس واردات میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ سکیورٹی ادارے دارالحکومت پیرس سے جنوب مشرق کی طرف برگنڈی میں Yonne کے علاقے اور اس کے مضافات میں مجرموں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس واقعے کی چھان بین کرنے والے اعلیٰ پولیس اہلکاروں کے بقول واردات کے چند ہی گھنٹے بعد حکام کو ایک قریبی جنگل سے یہ دونوں ہائی جیک کی گئی گاڑیاں جلی ہوئی مل گئیں۔ لیکن ڈاکو ان میں سے تمام زیورات اور جواہرات اپنے ساتھ لے جا چکے تھے۔

ڈکیتی کی یہ واردات A6 نامی اس فرانسیسی موٹر وے پر پیش آئی، جو پیرس اور لیوں کے بڑے شہروں کو ملاتی ہے۔ پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پندرہ مسلح ڈاکوؤں نے دونوں گاڑیوں کو اس وقت لوٹا، جب وہ ایک ٹال پلازہ پر ادائیگی کے لیے رکنے والی تھیں۔

یہ نہیں بتایا گیا کہ قریب ایک کروڑ ڈالر مالیت کے یہ زیورات اور جواہرات کس کی ملکیت تھے۔ ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے پولیس کی بہت بڑی نفری کے علاوہ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔