فرانس کی ریٹنگ کم ہونے کا امکان، موڈیز
19 اکتوبر 2011امریکہ میں قائم موڈیز کے بیان نے پہلے ہی سے یورو زون میں موجود بے چینی اور غیر یقینی کی کیفیت میں اضافہ کر دیا ہے۔ موڈیز کی طرف سے فرانس کی امکانی طور پر کریڈٹ ریٹنگ کم کرنے کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یوروپی یونین کے ایک انتہائی اہم اجلاس میں محض پانچ دن رہ گئے ہیں۔ اس اجلاس میں یورو زون کے مالیاتی بحران پر گفت و شنید کی جائے گی۔ یونان اور پرتگال سمیت دیگر یورپی ممالک کے معاشی بحران کو اس اجلاس میں مرکزی حیثیت حاصل رہے گی۔ فرانس اور جرمنی یورپی یونین کی مضبوط معیشتیں ہیں، لہٰذا موڈیز کا فرانس کے بارے میں یہ بیان یورپی یونین کی پریشانیوں میں مزید اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا آئندہ اتوار کو ہونے والے یورپی یونین کے اجلاس کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ انتہائی اہمیت کا حامل اجلاس ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہہ دیاکہ یہ اجلاس بحران کو حل کرنے کے لیے شاید کافی نہ ہو۔
پیر کی شب موڈیز نے کہا کہ وہ شاید فرانس کی ’ٹرپل اے‘ کریڈٹ ریٹنگ پر منفی ریمارکس دے سکتی ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ تین ماہ میں فرانس میں ترقی کی شرح سست رہی اور اگر بینکوں کے بیل آؤٹ اور یورو زون کے بحران زدہ ممالک کی امداد کی وجہ سے فرانس کے بجٹ پر اثر پڑا تو اس کی ریٹنگ کم کی جاسکتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل موڈیز امریکہ کی ’ٹرپل اے‘ ریٹنگ کو کم کر چکی ہے۔
دریں اثناء ایک اور ریٹنگ کمپنی اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز نے اٹلی کے چوبیس بینکوں اور مالیاتی اداروں کی ریٹنگز کم کردی ہیں۔
فرانسیسی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ فرانس کی کریڈٹ ریٹنگ خطرے میں نہیں ہے تاہم حکومت نے سن دو ہزار بارہ کے بجٹ کے لیے ترقی کی جو ایک اعشاریہ سات پانچ فیصد شرح مقرر کی تھی وہ غالباً حقیقت پسندانہ نہیں ہے۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: افسر اعوان