1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فون ہیکنگ اسیکنڈل کی گونج امریکہ میں بھی، تحقیقات شروع

15 جولائی 2011

امریکی کانگریس کے ممبران کی طرف سے شدید دباؤ کے بعد وفاقی پولیس FBI نے روپرٹ مرڈوک کے میڈیا ایمپائر کے خلاف ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ آیا اس نے امریکی عوام کے بھی فون ہیک کرنے کی کوشش کی؟

https://p.dw.com/p/11vm9
تصویر: AP

برطانیہ میں قائم نیوز انٹرنیشنل کو اس وقت ایک بڑے اسکینڈل کا سامنا ہے کہ اس نے مبینہ طور پر کئی ہلاک شدگان افراد کے گھر والوں کے ٹیلی فون ہیک کیے۔ نیوز انٹرنیشنل نیویارک میں قائم نیوز کارپوریشن کی ملکیت ہے۔ اس کمپنی کے مالک میڈیا آئیکون روپرٹ مرڈوک ہیں۔

برطانیہ میں اسکینڈل کا شکار ہونے کے بعد امریکی قانون دان کئی دنوں سے مطالبہ کر رہے تھے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ کیا نیوز کارپوریشن کے اہلکاروں نے گیارہ ستمبر کے دہشت گردانہ واقعے کے متاثرین کے بھی ٹیلی فون ہیک کرنے کی کوشش کی یا نہیں۔ نیویارک میں امریکی وفاقی پولیس FBI کے ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا،’ہم ایسے الزامات سے آگاہ ہیں اور ہم ان باتوں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں‘۔

ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا،’نائن الیون کے واقعے کے بارے میں عائد کیے گئے الزامات پر کارروائی نیویارک شہر سے باہر کی جائے گی‘۔ دریں اثناء امریکی محکمہ ء انصاف کے ترجمان نے کہا،’ہم تحقیقات کی نوعیت کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کریں گے تاہم اگر ہم نے دیکھا کہ اس حوالے سے کوئی غیر قانونی طریقہ اختیار کیا گیا ہے تو ہم مناسب ایکشن لیں گے‘۔

NO FLASH Rupert Murdoch
میڈیا آئیکون روپرٹ مرڈوکتصویر: picture alliance/dpa

دریں اثناء امریکی داخلی سلامتی کمیٹی کے چیئر مین پیٹر کنگ نے بھی FBI کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے زور دیا ہے کہ نیوز کارپوریشن پر عائد کیے گئے ان تمام الزامات کی مناسب طریقے سے چھان بین کی جائے۔ ڈیموکریٹ سینیٹر جے روکی فیلر اور باربرا باکسر نے بھی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر سے مطالبہ کیا ہے کہ دیکھا جائے کہ اس اسکینڈل میں امریکی قوانین کو توڑا گیا ہے یا نہیں۔ دریں اثناء اٹارنی جنرل نے تصدیق کی ہے کہ نیوز کارپوریشن پر عائد کیے گئے الزامات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

امریکہ میں روپرٹ مرڈوک کے میڈیا ایمپائر پر یہ الزامات عائد کیے جا رہے ہیں کہ اس نے رپورٹنگ کی غرض سے نائن الیون کے متاثرین کے پیغامات کو غیر قانونی طور پر ہیک کیا ہے۔

دریں اثناء وال اسٹریٹ جرنل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مرڈوک نے کہا ہے کہ فون ہیکنگ اسکینڈل میں ان کی کمپنی نے اس بحران کو بہت اچھے طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے وہ اپنے طور پر بھی ایک خصوصی کمیٹی قائم کریں گے تاکہ حقائق تک پہنچا جا سکے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں