فٹبال ورلڈ کپ، شاکیرہ کا ’واکا واکا‘
7 جون 2010فٹبال کا یہ عالمی میلہ سجنے میں اب محض تین دن رہ گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں شاکیرہ اپنا نیا ’خفیہ شاہکار‘ پیش کریں گی۔ شاکیرہ جنوبی افریقہ کے پوپ گروپ کے ساتھ مل کر ورلڈ کپ کا آفیشل گیت، ’’واکا واکا‘‘ نہ صرف گائیں گیں بلکہ اس پر اپنے روایتی رقص کا بھی مظاہرہ کریں گی۔
شاکیرہ کی اس پرفارمنس کو دیکھنے میں خصوصی دلچسپی رکھنے والے ان کے مداح افتتاحی تقریب کے تمام ٹکٹس خرید چکے ہیں جبکہ ورلڈ کپ مقابلوں کے ایک لاکھ سے زائد ٹکٹس ابھی بھی خریداروں کی راہ تک رہے ہیں۔
اس افتتاحی جشن کو دیکھنے لگ بھگ چالیس ہزار افراد جوہانسبرگ کے اولانڈو سٹیڈیم میں موجود ہوں گے جبکہ لاکھوں افراد دنیا بھر میں ٹیلی ویژن کے ذریعے براہ راست اس تقریب سے محظوظ ہوسکیں گے۔ یہ تقریب جمعرات دس جون کو عالمی وقت کے مطابق شام چھ بجے شروع ہوگی۔
شاکیرہ کے علاوہ جو دیگر فنکار اس شام کو رنگین کریں گے ان میں امریکہ سے آئے بلیک آئڈ پیس گروپ، الیسا کیز ، جون لیجنڈ اور کولمبیا کے راک سٹار جوانز قابل ذکر ہیں۔
براعظم افریقہ کے سرفہرست موسیقار بھی اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دنیا بھر کو اپنے فن کی جھلک دکھائیں گے۔ ان میں زیادہ نظریں مالی سے آنے والے نابینا موسیقاروں اماڈاؤ اور مریم پر لگی ہوں گی۔
بعض مقامی فنکاروں نے شکوہ کیا ہے کہ جنوبی افریقی فنکاروں کو افتتاحی تقریب میں زیادہ نمائندگی نہیں دی گئی۔ ان فنکاروں نے شہریوں سے افتتاحی تقریب کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ تاہم جنوبی افریقہ کی حکومت نے شائقین سے کہا ہےکہ وہ اس اپیل پر کان نہ دھریں اور بڑی تعداد میں افتتاحی تقریب دیکھنے آئیں۔
جنوبی افریقہ کے پہلے سیاہ فام صدر نیلسن منڈیلا نے بھی افتتاحی تقریب میں ایک گانا گانے کا ارادہ کر رکھا ہے۔ افتتاحی معرکہ میزبان جنوبی افریقہ اور میکسکو کے درمیان گیارہ جون کو ہوگا۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : افسر اعوان