1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹبال ورلڈ کپ، ٹکٹوں کی کم فروخت ایک مسئلہ

10 اپریل 2010

فٹبال کی بین الاقوامی تینظم فیفا نے جنوبی افریقہ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رواں برس موسم گرما میں ہونے والے عالمی فٹبال کپ کے ٹکٹ خریدیں۔ فیفا کے مطابق ابھی تک 5 لاکھ کے قریب ٹکٹ فروخت نہیں ہو پائے ہیں۔

https://p.dw.com/p/MskH
تصویر: picture alliance / dpa

جنوبی افریقہ میں فٹبال کے عالمی کپ مقابلوں کے انعقاد کو صرف دو ماہ باقی ہیں اور ابھی وہاں سوائے فائنل کے ہر میچ کے لئے ٹکٹ دستیاب ہیں۔ منتظمین نے اعتراف کیا ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت کے لئے ویب سائٹس کا طریقہ مشکل ہونے اور عام افراد کے لئے ’فرینڈلی‘ نہ ہونے کے باعث ٹکٹوں کی مقرر تعداد فروخت نہ ہو پائی۔ رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کی آدھی سے زائد آبادی کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہی نہیں ہے۔

فیفا کے سیکریٹری جنرل Jerome Valcke نے کہا کہ ہر صورت میں اس عمل کو یقینی بنائے جانے کی ضرورت کے کہ عالمی کپ مقابلوں کے دوران اسٹڈیم مکمل بھرے ہوں۔

ان مقابلوں کو دیکھنے کے لئے بیرون ممالک سے تماشیائیوں کی متوقع تعداد بھی وہ نہیں، جو گزشتہ بار جرمنی میں عالمی کپ مقابلوں کو دیکھنے کے لئے آئی تھی۔ اس کی ایک وجہ جنوبی افریقہ میں رہزنی کے واقعات کو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین عالمی مالیاتی بحران کو بھی ان مقابلوں پر اثرانداز قرار دے رہے ہیں۔ منتظمین کے مطابق بیرون ممالک فروخت ہونے والے ٹکٹوں کی ایک بڑی تعداد بھی واپس کر دی گئی ہے۔ فیفا حکام جنوبی افریقہ تک زیادہ ہوائی کرایے کو بھی ان مقابلوں میں عالمی تماشائیوں کی شرکت کی راہ میں رکاوٹ قرار دے رہے ہیں۔ حکومت نے عالمی مقابلوں کے موقع پر قیام اور دیگر اخراجات کی مد میں بھی مختلف اسکینڈلز سامنے آنے پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

FIFA Präsident Sepp Blatter in Südafrika
فیفا کے صدر سیپ بلاٹرتصویر: AP

منتظمین کا خیال ہے کہ جنوبی افریقہ کے عوام کی عادت ہے کہ وہ میچ کے روز ہی ٹکٹ خریدتے ہیں تاہم فیفا کو اس بیان سے تشفی ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔

منتظمین کا خیال ہے کہ نو میزبان شہروں میں ٹکٹ فروخت کے گیارہ نئے مراکز قائم کئے جا رہے ہیں، جہاں سے فٹبال کے یہ مداح بہت آسانی کے ساتھ ٹکٹس خرید سکیں گے۔ اب تک دو اعشاریہ دو ملین اجازت نامے فروخت ہوچکے ہیں۔ ان میں ایک لاکھ سے زائد ٹکٹ امریکیوں نے، 67 ہزار ٹکٹ برطانوی شہریوں نے خریدے جبکہ جرمن شہریوں نے اب تک صرف 32 ہزار ٹکٹ خریدے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشور مصطفیٰ