فٹ بال : جرمن ٹیم جنوبی افریقہ پہنچ گئی
7 جون 2010اس سے قبل جرمن قومی سکواڈ نے وارم اپ میچوں میں ہنگری اور بوسنیا ہیرسےگووینا کی ٹیموں کو شکست دے دی تھی۔
دنیا بھر کی نگاہیں اس وقت جنوبی افریقہ پر مرکوز ہیں۔ ایک طرف دفاعی چیمپیئن اٹلی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے تیار ہے تو دوسری جانب دنیا کی کئی بہتریں ٹیمیں بھی اس ورلڈ کپ میں اپنے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ اتر رہی ہیں۔ جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے فرینکفرٹ ایئرپورٹ پر جنوبی افریقہ روانگی سے قبل اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کی ٹیم ورلڈ کپ کے لئے ہر طرح سے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں اور کسی کو بھی فٹنس کے مسائل یا کسی انجری کا سامنا نہیں ہے۔
’’پیر کے روز ہم وہاں پہنچ کر فوری طور پر اپنی نارمل ٹریننگ کا آغاز کر دیں گے۔ ظاہر ہے وہاں کے موسمی حالات سے کھلاڑیوں کا ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔‘‘
لوو کے مطابق ابتدائی طور پر جرمن ٹیم جنوبی افریقہ میں عمومی تربیتی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ جرمن ٹیم گروپ ڈی میں ہے اور اسے ہفتے کے روز ڈربن میں آسٹریلیا کی ٹیم کے خلاف میدان میں اترنا ہے۔ اس کے بعد جرمن ٹیم کو سربیا اور گھانا کے خلاف بھی میچ کھیلنا ہیں۔ جنوبی افریقہ پہنچنے والے جرمن قومی سکواڈ کا بنیادی قیام پریٹوریا کے ویلمورے ہوٹل میں ہو گا۔ جرمن ٹیم میں سینیئر مڈ فیلڈرز میشاعیل بالاک، کرسٹیان ٹراش کے علاوہ دفاعی کھلاڑی ہائیکو ویسٹرمان بھی شامل نہیں ہیں۔ یہ جرمن ٹیم سن 1934 کے بعد عالمی کپ میں شریک ہونے والی پہلی ایسی ٹیم ہو گی، جس میں اتنے نوجوان کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہے۔
دوسری طرف عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل جرمنی سمیت یورپ اور دنیا بھر میں اس حوالے سے بہت سے گیت ریلیز کئے گئے ہیں۔ ان میں سے خصوصی شہرت حاصل کرنے والا گیت لاطینی امریکی نسل کی امریکی گلوکارہ شاکیرہ کا ’واکا واکا‘ ہے۔
براعظم افریقہ کو پہلی مرتبہ فٹ بال کے عالمی کپ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے ’او ایفریقہ‘ نامی گیت کو بھی نہایت شہرت حاصل ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ بھی بہت سے گیت ہیں، جو ہر طرف سنائی دے رہے ہیں۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: مقبول ملک