فیفا ورلڈ کپ: فیورٹ برازیل ٹونامنٹ سے باہر
3 جولائی 2010اس طرح برازیل ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے جبکہ ہالینڈ نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔
جمعہ کو جنوبی افریقہ کے شہر پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں اگرچہ برازیل نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم ہالینڈ نے دو گول سکور کر کے جیت اپنے نام کی۔
کھیل کے پہلے ہاف میں برازیل کا پلڑا بھاری نظر آیا، کھیل کے دسویں منٹ میں ہی رابینو نے گول کر کے جنوبی امریکی ملک کو برتری دلوا دی ، جو پہلے ہاف کے ختم ہونے تک برقرار رہی۔ پہلے ہاف میں ہالینڈ کی ٹیم میں کوئی خاص کوآرڈینشن نظر نہ آئی۔
دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی تاہم ہالینڈ نے اچھا کم بیک کیا۔ 53 ویں منٹ میں ہالینڈ کے کھلاڑی ویسلے شنائیڈر نے بائیں پاؤں کی مدد سے حریف ٹیم کی ڈی کے اندر بال اچھالی،جو برازیلی کھلاڑی فلیپے میلو کے سر سے ٹکرا کر گول پوسٹ میں چلی گئی۔ میلو کا اپنے ملک کے خلاف گول ہی برازیل کی شکست کا سبب بنا۔ اگرچہ پہلے گول میں ہالینڈ کی ٹیم کا کوئی خاص کمال شامل نہیں تھا تاہم اس گول کے بعد ڈچ ٹیم اچانک ہی مخالف ٹیم پرحاوی ہو گئی۔
اس دوران برازیل نے برتری حاصل کرنے کی کافی کوشش کی لیکن ہالینڈ کے مضبوط دفاع کے سامنے، وہ بے بس نظر آئی۔ کھیل کے 68 ویں منٹ میں ویسلے شنائیڈر نے دوسرا گول کر دیا۔ بس اس کے بعد تو برازیل کی ٹیم کھیل میں اپنی تمام تر توجہ کھو بیٹھی۔ کاکا ، فابیانو اور رابینو نے گول کرنے کی سر توڑ کوشش جاری رکھی لیکن ان کھلاڑیوں کے درمیان تال میل کا فقدان رہا۔ یوں معلوم ہو رہا تھا کہ برازیل کی ٹیم شدید دباؤ میں چلی گئی ہے۔
کھیل کے 73 ویں منٹ میں میلو نے ایک غیر ضروری فاؤل کیا، جس کے نتیجے ریفری Nichimura نے انہیں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔ یہ غیر ضروری فاؤل برازیل کو کافی مہنگا پڑا اور ٹیم کی رہی سہی توانائی بھی جاتی رہی۔
اور نتیجہ یہ نکلا کہ پانچ مرتبہ عالمی چیمپیئن برازیل کی ٹیم سن 2010ء کے عالمی کپ سے باہر ہو گئی جبکہ یورپی ٹیم ہالینڈ نے ایک دھائی کے بعد دوبارہ عالمی کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
ہالینڈ کی ٹیم اب چھ جولائی کو سیمی فائنل میں یوروگوائے کے خلاف نبرد آزما ہو گی۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عابد حسین