1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ویمن ورلڈ کپ: امریکہ اور سویڈن کی جیت

29 جون 2011

جرمنی میں کھیلے جا رہے خواتین فٹ بال کے چھٹے عالمی کپ میں گزشتہ رات گروپ سی کے دو میچ کھیلے گئے۔ آج گروپ ڈی کے میچ ہوں گے۔ اس طرح ورلڈ کپ کا پہلا راؤنڈ مکمل ہو جائے گا۔

https://p.dw.com/p/11l7j
تصویر: picture alliance/dpa

گزشتہ سالوں کے دوران کھیلے جانے والے خواتین ورلڈ کپ کے دو بار چیمپیئن ملک امریکہ نے شمالی کوریا کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ منگل کے روز گروپ سی کے ایک اور میچ میں یورپی ملک سویڈن کی ٹیم نے کولمبیا کی خواتین کو ایک گول سے ہرایا۔

Flash-Galerie Frauenfußball WM 2011 USA vs Nordkorea
امریکہ اور شمالی کوریا کے میچ کا منظر: لورین چینی گیند لیکر جاتی ہوئیتصویر: picture alliance/dpa

امریکہ اور شمالی کوریا کی خواتین کے درمیان کھیلا جانے والا میچ پہلے ہاف میں برابری پر ختم ہوا۔ دونوں ٹیمیں مناسب کھیل کا مظاہرہ کرتی رہیں۔ دوسرے ہاف کے شروع ہونے کے 9 منٹ بعد امریکی خاتون فٹ بالر لورین چینی نے ایک پاس پر ہیڈ سے گول کر دیا۔ اس کے تقریباً 21 منٹ بعد ریچل بوائلر نے ایک اور گول کر دیا۔ شمالی کوریا کی گول کیپر Hong Myong Hui کا کھیل خاصا شاندار تھا۔ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان میچ ڈریسڈن میں کھیلا گیا۔ امریکہ کی خواتین فٹ بال ٹیم سن 1991 اور 1999ء کی ورلڈ چیمپیئن ٹیم رہ چکی ہے۔

گروپ سی کا دوسرا میچ خاصا متوازن تھا۔ سویڈن اور کولمبیا کی خواتین نے اچھے دفاعی اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سویڈن نے کھیل کا واحد گول دوسرے ہاف میں کیا۔ یہ گول جیسیکا لینڈ سٹارم نے کیا۔ اس جیت پر سویڈش کوچ Thomas Dennerby کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم اگر ایسا ہی کھیلی تو شمالی کوریا کو شکست دی جا سکتی ہے۔ سویڈن سن 2003 کے ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم تھی۔ تب فائنل میں جرمن ٹیم نے سویڈش خواتین کو ہرایا تھا۔ دوسری طرف فیفا کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کولمبیا کی خاتون گول کیپر Yineth Varon ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام رہی ہیں اور ان کو سردست عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

Marta Vieira da Silva
برازیل کی خاتون فٹبالر مارٹاتصویر: DW/Santos

آج بدھ کے روز گروپ ڈی کے دو میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں خاص بات برازیل کی مشہور فٹ بالر Marta Vieira da Silva کی شرکت ہے۔ پچیس سالہ مارتا اپنے پھرتیلے اور عمدہ فٹ ورک کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں۔ برازیل کی ٹیم کا میچ آسٹریلیا سے شیڈیول ہے۔ گروپ ڈی کا دوسرا میچ ناروے اور ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی ایکوایٹوریل گنی کی ٹیم کےمابین ہو گا۔ بدھ کے روز گروپ ڈی کے میچوں کی تکمیل کے بعد فیفا ویمن ورلڈ کپ کے گروپ میچوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔

دوسرے مرحلے کے میچوں کا آغاز کل جمعرات سے ہو گا۔ جرمن ٹیم افریقی ملک نائجیریا کا سامنا کرے گی۔ اس وقت گروپ اے میں جرمن ٹیم پہلی پوزیشن پر ہے۔ دوسری پر فرانس کی ٹیم ہے۔ جرمنی اور فرانس کی خواتین اپنے ابتدائی میچ جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔ کل نائجیریا کے خلاف میچ جیتنے پر جرمن ٹیم کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے یقینی طور پر کوالیفائی کر جائے گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ