فیفا ویمن ورلڈ کپ: کوارٹر فائنل اسٹیج ہفتہ سے شروع
7 جولائی 2011چھبیس جون سے شروع ہونے خواتین فٹ بال کے عالمی کپ میں شامل سولہ ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ان چار گروپوں میں شامل تمام ٹیموں نے گروپ مرحلے کے دوران مجموعی طور پر تین تین میچ کھیلنے تھے۔ ان تین میچوں میں کارکردگی کی بنیاد پر کوارٹر فائنل اسٹیج کے لیے ٹیموں کا انتخاب کیا جانا تھا۔
ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں دوسرے مرحلے میں شرکت کی اہل قرار دی جانی تھیں۔ گروپ اسٹیج کے دوران کل چوبیس میچ کھیلے گئے۔ ان میچوں میں پہلی دو پوزیشنیں حاصل نہ کرنے والی ٹیموں میں نائجیریا، کینیڈا، میکسیکو، نیوزی لینڈ، شمالی کوریا، کولمبیا، ناروے اور ایکواٹوریل گنی ہیں۔
اب آٹھ ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں اور بقیہ آٹھ ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے کے میچ کھیلیں گی۔ ان ٹیموں میں جرمنی، فرانس، جاپان، انگلینڈ، سویڈن، آسٹریلیا، برازیل اور امریکہ شامل ہیں۔ برازیل، سویڈن اور جرمنی کی خواتین نے اپنے اپنے گروپس کے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کی اور نو نو پوائنٹس حاصل کیے۔
گروپ مرحلے میں برازیل کی ٹیم نے سب سے زیادہ گول کیے، ان کی تعداد سات تھی اور اس کے خلاف کوئی گول نہیں ہوا۔ جرمن ٹیم نے بھی سات گول کیے لیکن اس کے خلاف، مخالف ٹیمیں تین گول کرنے میں کامیاب رہیں اور اس طرح وہ دوسری پوزیشن کی اہل ہے۔ اس بنیاد پر بعض ماہرین جرمن ٹیم کی صلاحیتوں پر قدرے عدم اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔ انفرادی طور پر سب سے زیادہ گول جاپان کی خاتون ہومارے ساوا نے کیے اور یہ تین ہیں۔ بارہ دوسری خواتین نے دو دو گول کیے۔ ان میں برازیل اور جرمنی کی تین تین خواتین فٹ بالر شامل ہیں۔ سب سے زیادہ فاؤل کرنے پر ایکواٹوریل گنی کی ٹیم کو ریفری کی جانب سے تین میچوں کے دوران چھ زرد کارڈ دکھائے گئے۔ کولمبیا، شمالی کوریا اور جاپان کی خواتین نے گروپ اسٹیج کے دوران انتہائی صاف ستھرے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی بھی بڑا فاؤل نہیں کیا۔ ان میں سے صرف جاپان کی ٹیم دوسرے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
ٹورنامنٹ میں ریفریوں کے معیار پر بھی نکتہ چینی جاری ہے۔
چار کوارٹر فائنل میچ اس ماہ کی نو اور دس تاریخوں کو کھیلے جائیں گے۔ نو جولائی کے روز پہلا کوارٹر فائنل میچ جرمنی اور جاپان کی خواتین کھیلیں گی۔ اسی روز دوسرا میچ فرانس اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ دس جولائی کو تیسرا کوارٹر فائنل میچ سویڈن اور برازیل کی ٹیموں کے مابین ہے اور چوتھا کوارٹر فائنل میچ امریکہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کھیلیں گی۔
ان میچوں کو جیتنے والی چار ٹیمیں دو سیمی فائنل میچوں میں شریک ہوں گی، جو تیرہ تاریخ کو شیڈیول ہیں۔ چھٹے ویمن ورلڈ کپ کا فائنل میچ جولائی کی سترہ تاریخ کو فرینکفرٹ شہر میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ