1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قدیم آسٹریلوی باشندوے کے بچوں کے لئے انوکھا منصویہ

رپورٹ:انعام حسن، ادارت:مقبول ملک14 جون 2009

آسٹریلیا کے دور دراز کے جزیروں پر صدیوں سے بسنے والے قدیم مقامی باشندوں کے ناخواندہ بچوں کو ابھی حال ہی میں مختلف اداروں پرمشتمل ایک بین الاقوامی امدادی نیٹ ورک کی طرف سے مفت لیپ ٹاپ کمپیوٹر دیئے گئے۔

https://p.dw.com/p/I9FG
آسڑیلیا کے قدیم باشندوں کا رقصتصویر: AP

دنیا بھر میں ناخواندہ انسانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے مختلف سماجی تنظیمیں نت نئے طریقے استعمال کررہی ہیں۔ خواندگی میں اضافے کے مختلف طریقوں میں سے ایک غیر تعلیم یافتہ بچوں کو انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرنا بھی ہے۔ حالیہ دنوں میں اسی سوچ کے تحت ایک تجربہ آسٹریلیا میں Aborigines کہلانے والے قدیم مقامی باشندوں کے بچوں میں خواندگی کے سلسلے میں کیا گیا۔

آسٹریلیا کے دور دراز کے جزیروں پر صدیوں سے بسنے والے قدیم مقامی باشندوں کے ناخواندہ بچوں کو ابھی حال ہی میں مختلف اداروں پرمشتمل ایک بین الاقوامی امدادی نیٹ ورک کی طرف سے مفت لیپ ٹاپ کمپیوٹر دیئے گئے۔ یہ لیپ ٹاپ دیکھنے میں بہت سادہ ہیں مگر ان کی بناوٹ دورافتادہ علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے اساتذہ سے رابطے میں رکھنے کے لئے بہت موزوں ہے۔

Australien Aborigines australische Ureinwohner
اپنے قومی رنگ کے ساتھتصویر: AP


تائیوان کی ایک کمپنی کے تیار کردہ ان لیپ ٹاپ کمپیوٹرز کا ایک صارف جیریکو لیسی بھی ہے، جو سڈنی سے دو ہزار کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک پسماندہ جزیزے ایلکو پر اپنے والدین کے ساتھ رہتا ہے۔ جیریکو کے والدین کے مطابق اس لیپ ٹاپ سے ان کے بیٹے کی زندگی میں حیرت انگیز تبدیلیاں آئی ہیں۔

جیریکو اس لیپ ٹاپ کے ذریعے اپنے ٹیچر سے تعلیم حاصل کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس کمپیوٹر پر اپنا ہوم ورک کرنے میں ان کی دلچسپی روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔ اس بچے کی اسکول ورک میں دلچسپی اس لئے بھی بڑھی ہے کہ وہ اپنے لیپ ٹاپ پر ہوم ورک کرنے کے بعد، اس پر انٹرنیٹ بھی استعمال کر سکتا ہے اور کبھی کبھار کمپوٹر پر مختلف گیمز بھی کھیل سکتا ہے۔

آسٹریلیا میں مختلف صوبوں کے وزرائے تعلیم کی تیار کردہ ایک مشترکہ رپورٹ کے مطابق ایک تہائی Aborigines طلبہ تعلیم میں عدم دلچسپی کی وجہ سے تیسری جماعت بھی پاس نہیں کر پاتے۔ تاہم اب ان لیپ ٹاپس کے باعث دور دراز کے جزیروں پر رہنے والے ان بچوں کی تعلیم میں دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

دنیا کے بہت سے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں ناخواندہ یا کم خواندہ بچوں میں مفت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا یہ پروگرام بین الاقوامی سطح پر مشہور امریکی تعلیمی ادارے MIT کے ایک محقق نکولس نیگرو پونٹے نے بڑے بڑے تجارتی اداروں کے مالی تعاون سے شروع کیا تھا۔ اب تک اس پروگرام کے تحت بہت سے ملکوں میں ایسے قریب ڈیرھ ملین سادہ لیپ ٹاپ غیر تعلیم یافتہ بچوں کو مہیا کئے جاچکے ہیں۔ ان ممالک میں کمبوڈیا، روانڈا اور پاپوا نیو گنی بھی شامل ہیں۔