1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاذقیہ میں گھر گھر تلاشی اور چھاپے

28 اگست 2011

شامی سکیورٹی فورسز نے بندرگاہی شہر لاذقیہ کے ایک سنی اکثریتی آبادی والے ضلع میں گھر گھر تلاشی کے دوران گرفتار کئے گئے سینکڑوں افراد کو مقامی اسٹیڈیئم میں قید کر رکھا ہے۔ اس علاقے میں چار روز قبل فوج داخل ہو گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/12P0j
تصویر: picture alliance/dpa

بشار الاسد حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے والے افراد کی گرفتاریوں پر حقوق انسانی کی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز فوج نے لاذقیہ کے نواحی علاقے الرمل میں بھی مظاہرین کے خلاف ایک بڑا کریک ڈاؤن کیا تھا۔ اس کارروائی میں وہاں سن 1950 سے قائم فلسطینی مہاجر کیمپ بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بشار الاسد فلسطین کی آزادی کی تحریک میں تعاون کے اعتبار سے خود کو ہمیشہ پیش پیش قرار دیتے رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی فلسطینی مہاجرین کی بہبود کی ایجنسی کے ترجمان کرس گنیس کے مطابق فلسطینی مہاجر کیمپ پر کیے گئے فوجی حملے میں تین افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔

Syrien Demonstration
شام میں رواں برس مارچ سے جمہوریت کے لیے مظاہرے جاری ہیںتصویر: dapd

حکام کے مطابق چند روز قبل قریبی علاقے میں کی گئی ایک فوجی کارروائی کی  وجہ سے اس مہاجر کیمپ میں آگ لگ گئی تھی، جس کی وجہ سے اس خیمہ بستی سے زیادہ تر لوگ دیگر مقامات کی جانب منتقل ہو گئے تھے، تاہم یہاں ابھی دس خاندان موجود تھے۔

شام کے دیگر شہروں کے بعد ماہ رمضان کے آغاز سے لاذقیہ بھی حکومت مخالف مظاہروں کا ایک بڑے مرکز کے طور پر سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ لاذقیہ بشار الاسد کے لیے اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے، کیوں کہ اس شہر میں ملک کی شیعہ علوی برادری کی اکثریت ہے۔ گزشتہ چند روز سے اس شہر کی سنی آبادی والے علاقوں کو خصوصی طور پر آپریشن کا سامنا ہے۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق ٹینکوں نے کئی مکانات پر گولے برسائے جب کہ متعدد مقامات سے مشین گنوں کی فائرنگ کی آواز بھی سنائی دے رہی ہے۔

 

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں