1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور میں آتش زدگی، چھ بچوں سمیت ایک ہی خاندان میں دس اموات

12 جولائی 2023

پاکستانی صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آتش زدگی کے ایک واقعے میں چھ بچوں سمیت کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ سانحہ اندرون شہر کے قدیمی حصے میں پیش آیا اور مرنے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

https://p.dw.com/p/4Tll2
Pakistan | Gebäudebrand in Lahore
تصویر: K.M. Chaudary/AP Photo/picture alliance

صوبائی دارالحکومت سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق لاہور شہر کے قدیمی حصے میں بھاٹی گیٹ کے علاقے میں ایک گھر میں یہ آگ آج بدھ 12 جولائی کی صبح طلوع آفتاب سے پہلے لگی۔

پولیس اور امدادی کارکنوں کے مطابق مرنے والوں میں چھ سے لے کر 16 سال تک کی عمر کے چھ نابالغ اور چار بالغ افراد شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے چار بالغوں میں سے بھی دو خواتین تھیں اور باقی دو اس خاندان کے مرد۔

گزشتہ سال لاہور میں ہوا کا معیار بدترین رہا، رپورٹ

پنجاب پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل علی ناصر نے صحافیوں کو بتایا کہ فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ اس گھر میں یہ آگ کیسے لگی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے بعد ماہرین کو شبہ ہے کہ اس آتش زدگی کی وجہ اس گھر میں بجلی کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ کا واقعہ بنا۔

لاہور کی تاریخی ’نیویں مسجد‘

انتہائی گنجان آباد اندرون لاہور

لاہور کا 'اندرون شہر‘ کہلانے والا قدیمی حصہ انتہائی گنجان آباد ہے۔ آتش زدگی کا یہ واقعہ شہر کے بھاٹی گیٹ نامی علاقے میں پیش آیا، جو اس شہر کے قدیمی 12 دروازوں میں سے ایک ہے۔

لاہور، انسانی اعضاء فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا

پاکستان میں بہت سی رہائشی اور کاروباری عمارات میں آگ لگنے کی صورت میں بروقت بچاؤ کے لیے دھوئیں کی وارننگ دینے والے 'اسموک ڈیٹیکٹرز‘ نصب کرنے کا رجحان بہت ہی کم ہے۔ اسی لیے گھروں، عوامی مقامات یا خریداری کے بڑے مراکز میں آگ لگنے کی صورت میں انسانی جانوں کا ضیاع بھی اکثر دیکھنے میں آتا ہے۔

آتش زدگی کے اس واقعے میں اتنی زیادہ انسانی جانوں کے نقصان پر ملکی وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اپنے ایک بیان میں گہرے دکھ اور ہلاک شدگان کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

م م/ا ب ا (اے پی)

بادشاہی مسجد میں منفرد افطار