1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور کی فوڈ اسٹریٹ میں دھماکا: کم از کم چار ہلاک، 47 زخمی

عابد حسین7 جولائی 2013

پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے مرکزی شہر لاہور کی ایک اہم بھیڑ والی مارکیٹ میں بم دھماکے سے چار افراد کی ہلاکت کا بتایا گیا ہے۔ اِس بم دھماکے میں چالیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/193GE
تصویر: AP

لاہور شہر کی پولیس کے مطابق خریداری کے اہم مرکز انارکلی بازار سے ملحق فوڈ اسٹریٹ میں ہونے والے بم دھماکے سے شہر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ پولیس افسر معروف واہلہ کے مطابق بم دھماکے کے وقت انارکلی کے علاقے میں سینکڑوں افراد خریداری میں مصروف تھے۔ ان میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ بم دھماکے کے بعد اس سارے علاقے میں افراتفری پھیل گئی تھی۔ انارکلی بازار لاہور شہر میں تقریباً سبھی طبقوں کی پسندیدہ شاپنگ کا علاقہ ہے اور یہ شہر کے وسط میں واقع ہے۔

Pakistan Anschlag Lahore 12.3.2010
لاہور میں دہشت گردانہ واقعان ماضی میں بھی رونما ہو چکے ہیںتصویر: AP

پولیس نے بم دھماکے میں چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ ہلاکتوں کے علاوہ 47 افراد کے زخمی ہونے کا بھی بتایا گیا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ایسا خیال بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ بم دھماکے کے مقام کے اردگرد دھماکے کے بعد خون، انسانی اعضاء اور سامان بکھرا ہوا تھا۔ پولیس افسر معروف واہلا نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں مبیں منتقل کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے بم دھماکے کے مقام کو عام لوگوں کے لیے سردست بند کر دیا ہے اور فورینزک ماہرین کی ٹیمیں بھی ابتدائی تفتیشی عمل میں شریک ہیں۔ اس بم دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول کرنے کا اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

Pakistan Explosion einer Bombe in Lahore
سن 2008 میں میں ہونے والے کار بم دھماکے کا مقامتصویر: AP

صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے بھی چار افراد کے ہلاک اور چالیس سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اپنے بھائی وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کا تعلق بھی لاہور شہر سے ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت اور ہسپتال کے عملے کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام زخمیوں کو فوری اور فری میڈیکل امداد فراہم کی جائے۔

دوسری جانب لاہور ہی کے مضافاتی شہر شیخوپورہ میں ایک ریل گاڑی کے ساتھ موٹر سائیکل رکشا کے ٹکرانے سے چودہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں دو بچے بھی شامل ہی، جن کی عمریں بارہ برس کے قریب ہیں۔ حادثہ لاہور شہر سے شمال مشرق میں چالیس کلو میٹر کی دوری پر ضلع شیخو پورہ کے قصبے خان پور میں ہوا۔ اس حادثے میں دیگر چار افراد کے شدید زخمی ہونے کا بھی بتایا گیا ہے۔ ریل گاڑی کراچی سے لاہور کی جانب روانہ تھی۔ حادثہ جس ریلوے کراسنگ پر ہوا، وہاں گارڈ یا بیریئر نہیں تھا۔