1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لفتھانسا یورپ کی سب سے بڑی ایئر لائن

19 ستمبر 2009

آسٹریئن ایئر لائن کوخریدنے کے بعد لفتھانسا یورپ کی سب سے بڑی ایئر لائن بن گئی۔ لفتھانسا مسافروں کی رغبت کے لئے نئے منصوبے بھی تیار کر چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/JkeA
لفتھانسا مسافروں کی رغبت کے لئے نئے منصوبے بھی تیار کر چکی ہےتصویر: AP

عالمی مالیاتی بحران نے جہاں دنیا بھر میں معاشی اور اقتصادی مسائل کھڑے کئے ہیں، وہیں اِس نے فضائی شعبےکو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ اس بحران کی وجہ سے ملکی اور غیرملکی فضائی سفر کرنے والوں کی تعداد کافی کم ہو گئی ہے۔ جرمنی میں بھی فضائی مسافروں کی تعداد میں سالانہ بنیادوں پر گزشتہ پانچ عشروں کے دوران اب تک کی سب سے زیادہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس صورتحال نے بہت سی ایئر لائنز کو پریشان کر رکھا ہے لیکن جرمن فضائی کمپنی لفتھانسا مزید ترقی کر رہی ہے۔

جرمن دفترشماریات کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں جرمن ہوائی اڈوں سے بیالیس اعشاریہ چھ ملین افراد نے مختلف منزلوں کی جانب سفر کیا۔ یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریبا آٹھ فیصد کم ہے۔ اس صورتحال کے باوجود جرمنی کی سب سے بڑی ایئر لائن لفتھانسا مزید فضائی کمپنیوں کو خرید رہی ہے۔ حال ہی میں آسٹریئن ایئر لائن کوخریدنے کے بعد لفتھانسا یورپ کی سب سے بڑی ایئر لائن بن گئی۔

لفتھانسا کے فرینکفرٹ مرکز کے سربراہ ڈاکٹر کارل روپریشت نے اس کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے حالات کا درست اندازہ لگاتے ہوئے دو فیصلے بروقت کئے۔ ایک یہ کہ لفتھانسا کو ایک بڑے کاروباری ادارے میں تبدیل کرنےکا فیصلہ کیا۔ دوسرا یہ کہ ادارےکو اپنے تجربے سے یہ معلوم تھا کہ بین الاقوامی منڈی میں قائدانہ کردار کیسے ادا کیا جاتا ہے۔

Airbus A320 Lufthansa
اگلے سال موسم گرما سے لفتھانسا کے پاس اب تک کے سب سے بڑے مسافر بردار اے 380 طرز کے پانچ جہاز بھی آجائیں گےتصویر: dpa

ڈاکٹرروپریشت نے مزید بتایا کہ اس کےعلاوہ لفتھانسا مسافروں کی رغبت کے لئے نئے منصوبے بھی تیار کر چکی ہے۔ ان میں نئے لاؤنج، ان فلائٹ سروس میں مزید بہتری، نئی دلکش منزلوں کا انتخاب اور بڑے ہوائی اڈوں پرمسافروں کو مطلوبہ گیٹ تک پہنچنے میں مدد دینے والے نیویگیشن سسٹم بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے سال موسم گرما سے لفتھانسا کے پاس اب تک کے سب سے بڑے مسافر بردار اے 380 طرز کے پانچ جہاز بھی آجائیں گے، جن سے ایئر ٹریول کو ایک نئی جہت ملے گی۔

جرمنی میں لفتھانسا کے متعدد مراکز قائم ہیں۔ ان میں سب سے بڑا فرینکفرٹ میں ہے۔ وجہ یہ ہےکہ فرینکفرٹ ایئرپورٹ کو سالانہ تقریباً تینتالیس ملین مسافر استعمال کرتے ہیں۔ یہ تعداد جرمنی میں فضائی مسافروں کی مجموعی تعداد کا ساٹھ فیصد بنتی ہے۔

ڈاکٹر کارل روپریشت کے بقول لفتھانسا کے کاروباری مرکز کی حیثیت والے ہر جرمن ایئر پورٹ کے پاس جہازوں کا ایک اپنا فِلیٹ ہے۔ صرف فرینکفرٹ کے فِلیٹ میں 170 جہاز شامل ہیں جن میں سے 70 بین الاقوامی اور سو ڈومیسٹک پروازوں کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔ ہر جہاز کی دیکھ بھال اس کے متعلقہ مرکز میں کی جاتی ہے۔ مختلف کاروباری مراکز بنانے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اگر میونخ یا فرینکفرٹ کے ایئر پورٹ پرکبھی کوئی مسئلہ ہو جاتا ہے تو لفتھانسا کا بقیہ نظام کام کرتا رہتا ہے۔ دوسرے یہ کہ زمینی عملے کے لئے جہازوں کی دیکھ بھال آسان ہو جاتی ہے۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر روپریشت نے مزید بتایا کہ لفتھانسا کا ادارہ اس امر پر بہت زیادہ توجہ دیتا ہےکہ کس طرح مسافروں کو اپنی جانب متوجہ کیا جائے۔ اس کے لئے باقاعدہ ایک مرکز قائم ہے، جو ایسی منزلوں کی تلاش میں رہتا ہے جو مسافروں کو پسند آئیں۔ ساتھ ہی مالیاتی بحران کے تناظر میں لفتھانسا کی انتظامیہ اخراجات میں کمی کےایک منصوبے پر بھی عمل پیرا ہے۔ بہتر معیار، صارفین کا اعتماد اور سخت محنت کی وجہ سے لفتھانسا مسلسل کامیابی کی راہ پر گامزن ہے۔ اسی لئے آج یہ جرمن ایئر لائن محض ایک فضائی کمپنی ہی نہیں بلکہ ایک عظیم تر کاروباری ادارہ ہے جو بہت سے ذیلی کاروباری اداروں کا مالک ہے۔

جرمن فضائی کمپنی لوفتھانزا کا سلوگن ہے'There is no better Way to Fly' یعنی پروازکا بہترین ذریعہ،۔ لوفتھانزا کا سب سے بڑا مرکز فرینکفرٹ ائر پورٹ پر ہے جہاں دیگر ائر لائنوں کے عملے کو بھی تربیت دی جاتی ہے۔ جرمن ہوائی کمپنی لفتھا نزا کے فضائی گروپ کا نام ہے ، Star Allaince، جو دنیا کا سب سے پہلا اور مختلف ایئر لائنز کا سب سے بڑا اتحاد ہے۔ اس کی بنیاد 1997ء میں رکھی گئی تھی۔ Star Allaince میں21 مختلف ایئرلائنزشامل ہیں۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : عاطف توقیر