1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ماؤنواز باغی: نئی دہلی کی نئی حکمت عملی

18 مئی 2010

بھارتی حکومت ماؤ نواز باغیوں کے بارے میں اپنی حکمت عملی پر غور کرے گی۔ یہ بات منگل کے روز ملکی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے ماؤ نواز باغیوں کے تازہ ترین حملے کے پس منظر میں دالراحکومت نئی دہلی میں کہی۔

https://p.dw.com/p/NR4m
تصویر: AP

پیر کے روز وسطی بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ کے ایک ضلع دانتے واڈا میں ماؤنواز باغیوں نے ایک مسافر بس کو ایک ز مینی بارودی سرنگ کے دھماکے سے اڑا دیا تھا، اور اس حملے میں 11 پولیس اہلکاروں سمیت کل 35 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔

چھتیس گڑھ کے اس ضلع کو ماؤنواز باغیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ وہاں گزشتہ ماہ بھی انہی باغیوں نے ایک بہت بڑا حملہ کر کے 75 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔ چھپ کر اچانک کیا جانےو الا یہ حملہ ان باغیوں کا سیکیورٹی دستوں پر اب تک کا سب سے خونریز حملہ ثابت ہوا تھا۔

Indien Maoisten Anschlag
چھتیس گڑھ میں گزشتہ ماہ بھی باغیوں نے ایک بہت بڑا حملہ کر کے 75 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھاتصویر: AP

ریاست چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ رامن سنگھ کے بقول پیر کے حملے میں دو درجن کے قریب عام شہریوں کی ہلاکت اتنا بڑا واقعہ ہے جو ایک بار پھر اس مسئلے کی شدت کی نشاندہی کرتا ہے اور جس کے بعد ماؤنواز باغیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی اور بھی ناگزیر ہو گئی ہے۔

بھارتی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے منگل کے روز نئی دہلی میں کہا کہ بھارتی عوام ان باغیوں کے خلاف سخت ترین اقدامات کے حق میں ہیں۔ اس لئے ملکی حکومت کو بھی اس بارے میں اپنی حکمت عملی اب لازمی طور پر تبدیل کرنا ہو گی۔ ’’میں نے اس معاملے کو کابینہ میں پیش کیا تھا تاکہ بھاری اکثریت سے اس کی منظوری دی جا سکے۔ لیکن مطلوبہ تائید نہ ملنے کے بعد اب میں اسے ایک بار پھر کابینہ کے اجلاس میں پیش کروں گا۔ اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔‘‘

بھارت میں ماؤنوازوں کی مسلح بغاوت سے متاثرہ چار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ حکومت سے یہ مطالبہ کر چکے ہیں کہ ماؤپرست باغیوں کے خلاف فضائی طاقت استعمال کی جائے، تاہم نئی دہلی حکومت اب تک ایسے تمام مطالبات کو رد کرتی آئی ہے۔

دانتے واڈا میں باغیوں کے پیر کے روز کئے گئے خونریز حملے کی بھارت کی سبھی سیاسی جماعتوں نے بھر پور مذمت کی تھی۔ نئی دہلی میں حکمران جماعت کانگریس پارٹی کے ترجمان منیش تیواڑی کے مطابق بہت زیادہ شہریوں کی ہلاکت کا سبب بننے والے ماؤنواز باغیوں کے اس حملے نے ان عسکریت پسندوں کی بربریت کا پول کھول دیا ہے۔

بھارت میں بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ان ماؤپرست باغیوں نے، جو اپنی جدوجہد کے لئے گوریلا کارروائیوں کی سوچ اپنائے ہوئے ہیں، گزشتہ برس اس وقت سے اپنے مسلح حملوں میں بہت زیادہ اضافہ کر رکھا ہے جب حکومتی دستوں نے ان کے خلاف ملک کے شمال سے لے کر مشرق تک پھیلے ہوئے ’ریڈ کوریڈور‘ نامی جنگلاتی علاقوں میں اپنے آپریشن کا آغاز کیا تھا۔

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ خود بھی کئی مرتبہ ان ماؤپرست باغیوں کو ملک کی داخلی سلامتی کے لئے بہت بڑا خطرہ قرار دے چکے ہیں۔

Manmohan Singh
بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ ان ماؤپرست باغیوں کو ملک کی داخلی سلامتی کے لئے بہت بڑا خطرہ قرار دے چکے ہیںتصویر: UNI

لیکن بھارت میں، جہاں دور دراز علاقوں میں اقتصادی پسماندگی بھی پائی جاتی ہے اور ریاستی حکومتوں پر اعتماد بھی کم کیا جاتا ہے، عام شہریوں کی کافی بڑی تعداد ان ماؤنواز باغیوں کی حامی بھی ہے۔

ماضی میں بھارتی وزیر داخلہ چدمبرم نے یہ بھی کہا تھا کہ ماؤپرست بغاوت کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ان عسکریت پسندوں کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں۔ انہوں نے ان مذاکرات کے آغاز کو باغیوں کی طرف سے تشدد کا راستہ ترک کر دینے سے مشروط کیا تھا۔ اس پر ان باغیوں کے مرکزی رہنماؤں نے یہ کہا تھا کہ وہ مذاکرات پر صرف اس شرط پر تیار ہوں گے کہ پہلے ملکی حکومت ان کے خلاف چھ یونین ریاستوں میں جاری فوجی آپریشن بند کرے۔

ان مسلح کارروائیوں میں 56 ہزار پولیس اہلکار اور نیم فوجی دستے حصہ لے رہے ہیں۔ تازہ ترین حملوں کے بعد متاثرہ ریاستوں میں بہت سے عوامی حلقے اب نئی دہلی حکومت سے یہ مطالبے کرنے لگے ہیں کہ حکومت ماؤنواز باغیوں کے خلاف اب ایک ہی مرتبہ لیکن پوری قوت سے فیصلہ کن فوجی آپریشن کرے۔

رپورٹ: بریخنا صابر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں