ماحول دوست شاپنگ بیگز کی دنیا
ایک نئے یورپی ضابطے کے تحت پلاسٹک کے کیریئر بیگز کا استعمال 80 فیصد تک کم کیا جا سکے گا۔ صرف ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کی جگہ کپڑے اور کاغذ کے تھیلے بار بار استعمال ہو سکتے ہیں۔
ضروری نہیں کہ پلاسٹک ہی ہو
آپ چند کیلے خریدیں، یا چند سیب، فوراً ہی آپ کا ہاتھ پلاسٹک کے شاپر کی طرف جائے گا۔ ہر جرمن شہری سالانہ اوسطاً 71 پلاسٹک بیگز استعمال کرتا ہے۔ تاہم سو فیصد پلاسٹک سے بنے شاپنگ بیگز کی بجائے اور کئی طرح کے بیگز استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
پلاسٹک کے شاپرز سے بچیں
پلاسٹک کے ایک ہی بار استعمال ہونے والے شاپرز عام طور پر ایک سو فیصد کیمیائی مادے پولی تھین سے بنے ہوتے ہیں، جسے معدنی خام تیل سے حاصل کیا جاتا ہے۔ یہ بیگز ماحول کے لیے بے حد ضرر رساں ہوتے ہیں۔ انہیں گل سڑ کر مکمل طور پر تلف ہونے کے لیے چار سو تا پانچ سو سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔
بائیو شاپر بیگز بھی ہمیشہ اچھے نہیں ہوتے
پلاسٹک سے بنے کچھ شاپنگ بیگز ایسے ہوتے ہیں، جنہیں قابل تجدید کہا جاتا ہے۔ انہیں 70 فیصد خام تیل اور 30 فیصد قابل تجدید خام مادوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ انہیں محدود پیمانے پر ہی ری سائیکل کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب توانائی کے حصول کے لیے مخصوص زرعی فصلوں کی کاشت بھی ایک مشکل عمل ہوتا ہے۔
ری سائیکل ہونے والے شاپرز کوڑے میں
ایسے شاپرز بھی ہوتے ہیں، جو 70 فیصد تک ری سائیکل کی گئی پولی تھین سے بنے ہوتے ہیں۔ ایسے شاپرز ایک ہی بار استعمال ہونے والے دیگر شاپرز کے مقابلے میں زیادہ ماحول دوست ہوتے ہیں۔ تاہم مسئلہ یہ ہے کہ جرمنی میں زیادہ تر پلاسٹک بیگز ری سائیکلنگ کے عمل سے نہیں گزارے جاتے بلکہ عام کوڑے کرکٹ کے ساتھ پھینک دیے جاتےہیں۔
کاغذ سے بنے شاپرز کے مسائل
ایک اعتبار سے دیکھا جائے تو کاغذ سے بنے شاپرز بھی پلاسٹک بیگز سے کچھ زیادہ بہتر نہیں ہیں کیونکہ اُن کی تیاری کے لیے خاص طور پر لمبے اور مضبوط ریشے درکار ہوتے ہیں، جنہیں پہلے کیمیائی مادوں سے دھویا جاتا ہے۔ ایسے شاپرز تب ماحول دوست ہوتے ہیں، جب اِنہیں ری سائیکل شُدہ کاغذ سے تیار کیا گیا ہو۔
وہاں بھی نقصان، جہاں توقع نہیں ہوتی
سوتی کپڑے، درختوں کی چھال کے ریشوں یا فلیکس سے بنے بیگز مضبوط ہوتے ہیں، ایک سے زیادہ مرتبہ استعمال ہو سکتے ہیں اور یوں ماحول دوست ہوتے ہیں تاہم ا یک ہی بار استعمال ہونے والے شاپرز کے مقابلے میں ان کے لیے زیادہ مواد اور زیادہ توانائی کی ضرورت پڑتی ہے۔ ویسے بھی ان کے لیے درکار پودے بہت سا پانی اور وسائل خرچ کرتے ہیں۔
پولی پروپین والے شاپرز پھر بھی بہتر
کیمیائی مادوں پولی پروپین یا پولیسٹر سے بنے ہوئے شاپنگ بیگز، جو ایک سے زیادہ مرتبہ استعمال ہو سکتے ہیں، کپڑے سے بنے شاپرز سے بُرے ہرگز نہیں ہیں۔ پولی پروپین سے بنا شاپر تین بار کے استعمال کے بعد ہی پولی تھین کے کسی ایسے شاپر کے مقابلے میں زیادہ ماحول دوست بن جاتا ہے، جسے ایک ہی بار استعمال کر کے پھینک دیا جاتا ہے۔
تو کون سا شاپر جیتا ...
پولیسٹر سے تیار کیے گئے ایسے شاپر کو ماحول دوست کہا جا سکتا ہے، جسے ایک سے زیادہ بار استعمال کیا جا سکتا ہو اور جسے تہہ کیا جائے تو وہ ایک ہتھیلی میں پورا آ جاتا ہے۔ اپنے تقریباً تیس گرام وزن کے ساتھ یہ ایک بار استعمال ہونے والے بہت سے پلاسٹک شاپرز سے ہلکا بھی ہوتا ہے، پھر بھی یہ دَس کلوگرام تک وزن اٹھا سکتا ہے۔