مالدیپ کا سیاسی بحران
9 فروری 2012مالدیپ میں پیدا شدہ سیاسی بحران کی شدت محسوس کرتے ہوئے امریکہ نے اپنا خصوصی ایلچی مالے روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ کے نائب وزیر خارجہ رابرٹ بلیک مالدیپ کے دارالحکومت پہنچ کر صورت حال کا جائزہ لینے کے علاوہ حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ امریکی نائب وزیر خارجہ سری لنکا میں امریکی سفارت خانے کے عملے سے بھی مالدیپ کی صورت حال پر بات کریں گے۔ واشنگٹن نے مالدیپ کی حکومت اور سیاسی پارٹیوں کو اتفاق رائے اور مذاکرات سے سیاسی معاملات حل کرنے کی تلقین کی ہے۔
جمہوری طور پر منتخب ہونے والے پہلے صدر محمد نشید کے منگل کے روز مستعفی ہونے کے بعد بدھ کے روز ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں کم از کم تیس افراد کے زخمی ہونے کو رپورٹ کیا گیا ہے۔ یہ افراد پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہوئے تھے۔ یہ جھڑپیں دارالحکومت مالے کے مرکزی ری پبلک چوک میں ہوئیں۔ بدھ کے روز مستعفی ہونے والے صدر محمد نشید نے اپنی سیاسی جماعت مالدیپ ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین کے ساتھ ایک مظاہرے میں حصہ لیا۔ ان جھڑپوں میں سابق صدر کو بھی معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
بدھ کے روز سابق صدر کے حامیوں نے ملک کے مختلف مقامات پر پولیس اسٹیشنوں میں گھس کر سرکاری املاک کو نذر آتش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔ پولیس نے عندیہ دیا ہے کہ وہ فوج کے تعاون سے ہنگامہ کرنے والوں کے خلاف ایک جامع پلان شروع کرنے والی ہے تاکہ امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کو حراست میں لیا جا سکے۔
جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ احمد نسیم نے نشید کے مستعفی ہونے کو فوجی بغاوت قرار دیا ہے۔ احمد نسیم کے مطابق صدر سے گن پوائنٹ پر استعفیٰ لیا گیا تھا۔ احمد نسیم کے مطابق نائب صدر کے ساتھ پولیس اور فوج شامل ہے۔ اس کی تصدیق مستعفی ہونے والے صدر محمد نشید نے بھی بین الاقوامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کی ہے۔ سابق صدر نشید نے موجودہ صدر وحید حسن سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف سازش کا حصہ ہونے کی بنا پر وہ فوری طور پر منصب سے سبکدوش ہو جائیں۔
نئے صدر محمد وحید حسن نے اقتدار پر اپنی گرفت کو مضبوط کرتے ہوئے فوج اور پولیس کے سربران کو تبدیل کردیا ہے۔ اس کے علاوہ سابق صدر کے قریبی ساتھیوں پر بیرون ملک سفر کرنے کی پابندی بھی عائد کردی ہے۔ اس کے علاوہ وحید حسن نے سابق صدر کے استعفے کو بغاوت کے ساتھ نتھی کرنے کی تردید کی ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ