1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مبینہ ایران نواز ہیکروں کا اسرائیل پر سائبر حملہ

4 جون 2022

دفاع، مالیات اور متعدد دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی درجنوں اسرائیلی کمپنیوں پر جمعرات کے روز سائبر حملے کیے گئے۔ مائیکرو سافٹ کمپنی نے ان حملوں کے پیچھے لبنان میں سرگرم ایک ایرانی حمایت یافتہ گروپ پر شک کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4CHLw
Symbolbild Cyber Attack Cyber Security
تصویر: Marko Lukunic/Pixsell/picture alliance

امریکی بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اسے یقین ہے کہ ایرانی حکومت سے تعلق رکھنے والے اور لبنان میں موجود ایک گروپ پولونیم نے اسرائیل میں کام کرنے والی 20 تنظیموں اور اداروں کے علاوہ لبنان میں متحرک ایک تنظیم کو بھی سائبر حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ مائیکرو سافٹ نے تاہم دعویٰ کیا کہ اس نے سائبر حملوں کا سراغ لگا کر انہیں ناکارہ بنا دیا ہے۔

مائیکروسافٹ نے ایک بیان میں کہا کہ جن اسرائیلی کمپنیوں کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ان میں دفاع اورمالیاتی کے علاوہ دیگر شعبوں میں خدمات انجام دینے والے ادارے بھی شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان حملوں کے پیچھے لبنان سے سرگرم پولونیم نامی ایک گروپ کا ہاتھ ہے جس کے ایران کی وزارت برائے انٹیلیجنس اور سکیورٹی سے قریبی روابط ہیں۔

مائیکرو سافٹ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے، ''ایران اور ہیکروں کے درمیان روابط کا سلسلہ سن 2020 سے جاری ہے۔ اس کے تحت حکومت ایران خود کارروائی کرنے کے بجائے کسی تیسرے فریق کو اس طرح کے سائبر حملوں کی ذمہ داری سونپ دیتی ہے۔ تاکہ تہران سائبر حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کو آسانی سے مسترد کرسکے۔‘‘

Symbolbild Cybeangriff
تصویر: Jochen Tack/IMAGO

ایران پہلے بھی سائبر حملے کرچکا ہے

کمپنی نے کہا کہ پولونیم نے ماضی میں بھی ایران کی وزارت انٹیلیجنس اور سکیورٹی کی ایما اور تعاون سے مختلف تنظیموں پر سائبرحملے کیے تھے۔

گزشتہ ماہ کے اوائل میں اسرائیل کی نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ نے سائبر سکیورٹی کو مضبوط  کرنے کے مقصد سے وزارت مواصلات کے ساتھ ایک مشترکہ پروگرام شروع کیا ہے تاکہ وہ دفاعی سکیورٹی کی طرح ہی سائبر کی دنیا میں بھی ''آئرن ڈوم‘‘ قائم کرسکے۔

خیال رہے کہ ایران ماضی میں بھی دنیا کے مختلف ملکوں پر ان گنت سائبر حملے کرچکا ہے جس کی وجہ سے یورپ، امریکہ اور اسرائیل کے متعدد ادارے اور کمپنیاں متاثر ہوئی ہیں۔

اس ہفتے کے اوائل میں امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے بتایا تھا کہ امریکہ نے بوسٹن میں بچوں کے ایک ہسپتال پر گزشتہ موسم گرما کے دوران ہونے والے سائبر حملے کو ناکام بنا دیا تھا۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کے مطابق،''میں نے اتنا خوفناک حملہ اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔‘‘

مائیکرو سافٹ نے اکتوبر 2021 میں بتایا تھا کہ ایرانی ہیکروں نے امریکی اور اسرائیلی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں امریکہ، یورپی یونین اور اسرائیلی حکومتوں میں مائیکروسافٹ کا سافٹ ویئر استعمال کرنے والے 250  اداروں کو ہیک کرلیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں سرگرم بحری ٹرانسپورٹیشن کی کئی کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

ج ا/ ع ت (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں