1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

متحدہ عرب امارات کا اسرائیلی وزیر اعظم کو سخت جواب

11 مئی 2024

متحدہ عرب امارات نے سخت جواب دیتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم کی سرزنش کی ہے۔ قبل ازیں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ جنگ کے بعد یو اے ای غزہ میں مستقبل کی حکومت تشکیل دینے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/4fjuc
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ جنگ کے بعد یو اے ای غزہ میں مستقبل کی حکومت تشکیل دینے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا تھا کہ جنگ کے بعد یو اے ای غزہ میں مستقبل کی حکومت تشکیل دینے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔تصویر: Ohad Zwigenberg/REUTERS

متحدہ عرب امارات کا شمار خلیج کی طاقتور ترین عرب ریاستوں میں ہوتا ہے اور اس نے چھ ماہ سے جاری غزہ کی جنگ کے باوجود اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم اب ان تعلقات میں دوبارہ دراڑیں پیدا ہوتی نظر آ رہی ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے ہفتے کی صبح ایکس پر نیتن یاہو کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ابوظہبی اسرائیلی رہنما کے تبصرے کی مذمت کرتا ہے۔

فلسطینی زخمی بچوں کی پہلی پرواز ابو ظہبی پہنچ گئی

ان کا عربی زبان میں یہ پوسٹ کرتے ہوئے کہنا تھا، ''متحدہ عرب امارات زور دے کر کہتا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے پاس یہ قدم اٹھانے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اور متحدہ عرب امارات غزہ پٹی میں اسرائیلی موجودگی کو کور دینے کے کسی بھی منصوبے میں شامل ہونے سے انکار کرتا ہے۔‘‘

شیخ عبداللہ بن زید النہیان
شیخ عبداللہ بن زید النہیانتصویر: Attila Kisbenedek/AFP/Getty Images

شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات صرف ایسی فلسطینی حکومت کی حمایت کے لیے تیار رہے گا، جو فلسطینی عوام کی امیدوں اور امنگوں پر پورا اترے اور جس میں آزادی بھی شامل ہو۔

اسی ہفتے نشر ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور دیگر ممالک جنگ کے بعد ممکنہ طور پر غزہ میں ایک شہری حکومت کی تشکیل میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب نیتن یاہو کی کابینہ کے سرکردہ ارکان نے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے خیال کو مسترد کر دیا ہے اور نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل کو جنگ کے بعد غزہ پر سکیورٹی کنٹرول برقرار رکھنے کی ضرورت ہو گی۔

فلسطینی مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ میں ایک آزاد ریاست کے قیام کی امید رکھتے ہیں، جس کی متحدہ عرب امارات بھی حمایت کرتا ہے۔

نیوز ایجنسی روئٹرز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی مہم کے آغاز کے بعد سے ابوظہبی کے نیتن یاہو کے ساتھ تعلقات ماند پڑ چکے ہیں جبکہ اماراتی حکام اب ان کے ساتھ شاذ و نادر ہی بات کرتے ہیں۔ یو اے ای کی حکومت غزہ کی جنگ میں عام شہریوں کی بہت زیادہ ہلاکتوں کی وجہ سے اسرائیل کو متعدد مرتبہ تنقید کا نشانہ بنا چکی ہے۔

ا ا / م م، ع ت (روئٹرز، اے ایف پی)