1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مذہبی آزادی کی بگڑتی صورتحال پر امریکی تشویش

18 نومبر 2010

امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے یورپ میں مذہبی آزادی کی بگڑتی صورتحال کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا بیان اس وقت سامنے آیا، جب واشنگٹن حکومت نے دنیا بھرمیں مذہبی آزادی کی صورتحال پرایک رپورٹ جاری کی۔

https://p.dw.com/p/QCBh
تصویر: DW

بدھ کے دن امریکی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی تازہ رپورٹ میں دنیا بھرمیں مذہبی آزادی کے بارے میں حکومتی پالیسیوں اورعوامی رجحانات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے اجراء کے موقع پرامریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا، ’ کئی یورپی ممالک نے مذہبی آزادی پر پابندیاں عائد کی ہیں۔‘ تاہم ہلیری کلنٹن نے اس حوالے سے کھل کر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

واشنگٹن میں منعقد کی گئی ایک پریس کانفرنس میں کلنٹن نے کہا کہ مذہبی آزادی نہ صرف بنیادی انسانی حق ہے بلکہ یہ مستحکم، پرامن اور پائیدار ترقی کا بھی ایک اہم جزو ہے۔

امریکی وزیرخارجہ کے نائب سیکریٹری برائے انسانی حقوق مائیکل پوسنر نے یورپی ممالک میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں عوامی مقامات پر برقعہ پہننے اورسوئٹزرلینڈ میں میناروں والی عمارات کی تعمیر پر پابندی ایسے اقدامات ہیں، جوعدم برداشت کی واضح مثالیں ہیں۔ انہوں نے یورپ میں اسلام کے حوالے سے بڑھتے ہوئے تناؤ کو تسلیم کیا، ’ ہم اپنے یورپی دوستوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس تناؤ کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں‘۔

Kopftuch Demonstration in Paris
فرانس میں برقعہ پر عائد پابندی کے خلاف مظاہرے کے شرکاء ، فائل فوٹوتصویر: AP

پوسنر نے کہا کہ یورپ اورامریکہ میں مسلمانوں کےساتھ مختلف رویے اس تناؤ اورغلط فہمیوں کی بنیادی وجہ ہے،’ امریکہ میں مسلمان خواتین کے برقعہ پہننے کے حق کو یقنیی بنانے کے لئے ہم عدالت تک گئے، یہ ہمارا نکتہ نظر ہے، جب ہم اپنے یورپی ساتھیوں سے بات کرتے ہیں تو ہم انہیں یہ بتاتے ہیں۔‘

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے سالانہ رپورٹ میں یکم جولائی سن2009ء تا تیس جون سن 2010 ء کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق افغانستان اور ایران میں بھی مذہبی آزادی کی صورتحال تشویشناک ہے جبکہ چین میں ملا جلا رجحان نوٹ کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں شمالی کوریا، ایران، میانمار، سوڈان، سعودی عرب اور ازبکستان کو سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں