1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مستعفی ہونے کو تیار ہوں، حسین حقانی

17 نومبر 2011

امریکہ میں پاکستانی سفیر حسین حقانی نے ان اطلاعات کے بعد مستعفی ہونے کی پیشکش کی ہے کہ انہوں نے صدر آصف علی زرداری کا یہ پیغام امریکی حکام تک پہنچایا تھا کہ فوج پاکستانی حکومت کا تختہ الٹنا چاہتی تھی۔

https://p.dw.com/p/13CFK
پاکستانی سفیر حسین حقانیتصویر: AP

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک کالم میں ایک پاکستانی کاروباری شخصیت منصور اعجاز نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان کے ایک اعلٰی سفارت کار نے صدر زرداری کا پیغام اس وقت کے امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایڈمرل مائیک مولن تک پہنچانے کے سلسلے میں مدد طلب کی تھی۔ منصور اعجاز نے مزید کہا کہ مئی میں اسامہ بن لادن کی امریکی کمانڈوز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد صدر زرداری کو ڈر تھا کہ فوج حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قابض ہو جائے گی۔

بن لادن کی ہلاکت کے بعد گزرے چند مہینوں میں آصف علی زرداری کی صدارت اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستان کی کمزور سویلین حکومت اور جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیر سربراہی فوجی قیادت کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ تصور کیے جا رہے ہیں۔

Mike Mullen
حسین حقانی پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکی فوج کے سابق سربراہ مائیک مولن کو صدر زرداری کا ایک خفیہ پیغام پہنچایا تھاتصویر: AP

حسین حقانی نے کہا، ’’میں پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کے احکامات پر کام کر رہا ہوں۔ میں نے مستعفی ہونے یا ہر اس طرح کی تحقیقات میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے جس کے ذریعے ملک میں موجود بعض عناصر کی جانب سے پاکستان کی جمہوری حکومت کو بدنام کرنے کی کوششوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔‘‘

پاکستانی ذرائع ابلاغ میں اس بات پر قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ حسین حقانی مائیک مولن کو دیے جانے والے مراسلے کی تیاری یا اسے ارسال کرنے کے عمل میں شامل تھے۔

پاکستانی حکام نے اس صورت حال پر ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

حسین حقانی نے کہا، ’’ابھی تک اس الزام کے علاوہ مجھے کسی چیز میں نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ میں جس مراسلے کا ذکر ہو رہا ہے، وہ نہ تو میں نے تیار کیا ہے اور نہ ہی اسے آگے پہنچایا ہے۔‘‘

Montage Asif Ali Zardari Afghanistan Flagge
مئی میں اسامہ بن لادن کی امریکی کارروائی میں ہلاکت کے بعد صدر زرداری کو خدشہ تھا کہ فوج ان کی حکومت کا تختہ الٹ دے گیتصویر: AP/DW-Montage

انہوں نے مزید کہا کہ جب سے وہ 2008ء میں سفیر بنے ہیں، بعض لوگوں نے ان کے خلاف ایک مسلسل مہم شروع کر رکھی ہے کہ وہ پاکستانی مسلح افواج کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو کہ ایک بالکل غلط بات ہے۔

جب مولن کے سابق ترجمان کیپٹن جان کربی سے فنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والی مراسلے کی تفصیلات کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ شروع میں مولن کو اس مراسلے کا پتا نہیں تھا لیکن بعد میں اس کا سراغ لگا لیا گیا۔ انہوں نے کہا، ’’نہ تو اس مراسلے کے مندرجات اور نہ ہی اس کی موجودگی کے ثبوت کو کسی بھی طریقے سے تبدیل یا متاثر کیا گیا ہے، جس سے ایڈمرل مائیک مولن کے جنرل کیانی اور پاکستانی حکومت کے ساتھ تعلقات مختلف رہے ہوں۔‘‘ انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں