مستقبل کی عالمی طاقتیں
21 نومبر 2008امریکی ادارے نیشنل انٹیلی جنس کونسل نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2025 تک امریکہ اقتصادی اور سیاسی لحاظ سے کمزور ہوجائے گا۔ ایٹمی ہتھیاروں اور انٹرنیٹ کی سطح پر دہشت گردی میں اضافہ ہوگا جبکہ نئی جنگیں خوراک اور پانی کے مسائل پر لڑی جائیں گی۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ امریکہ دنیا کے طاقتور ترین ملک کی حیثیت سے قائم رہے گا۔ تاہم اقتصادی اور فوجی لحاظ سے کمزوری کے باعث عالمی سطح پر اس کا اثر و رسوخ کم ہوجائے گا۔
انٹیلی جینس ماہرین کی جانب سے مرتب کردہ 120 صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں کہا گیا ہے برازیل، روس، بھارت اور چین عالمی طاقتوں کے طور پر ابھریں گے جبکہ عالمی دولت کا بڑا حصہ مغرب سے مشرق کو منتقل ہو جائے گا۔ چین دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی طاقت ہوگا جبکہ بڑی فوجی طاقت کے طور پر بھی سامنے آئے گا۔ دوسری جانب ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے بھی چین ہی سرفہرست ہوگا۔
اس رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں سیاسی عدم استحکام تنازعات کے مزید اضافے کا باعث بنے گا جبکہ روس، چین اور بھارت ثالث کا کردار ادا کریں گے۔
این آئی سی کی رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں دنیا کی آبادی میں ڈیڑھ ارب افراد کا اضافہ ہو جائے گا جس سے توانائی، خوراک اور پانی کی کمی کے مسائل اور بھی گمبھیر ہوجائیں گے۔