1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسیحیت میں اصلاحات کے پانچ سو سال، جرمنی میں عالمی اجتماع

مقبول ملک ای پی ڈی، ڈی ڈبلیو
24 مئی 2017

جرمن دارالحکومت برلن میں بدھ چوبیس مئی سے ایک ایسا کئی روزہ عالمی کلیسائی اجتماع شروع ہو رہا ہے، جس میں وفاقی چانسلر انگیلا میرکل اور سابق امریکی صدر باراک اوباما سمیت دنیا بھر سے ہزاروں مہمان حصہ لے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2dVnA
Symbolbild Evangelischer Kirchentag 2015 in Stuttgart
تصویر: picture-alliance/dpa/W. Kastl

جرمن زبان میں ’کِرشن ٹاگ‘ (Kirchentag) کہلانے والا یہ اجتماع دراصل جرمن پروٹسٹنٹ چرچ کی اسمبلی ہے، جو 1949ء سے ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے اور جس میں، جیسا کہ نام ہی سے ظاہر ہے، پورے جرمنی سے مسیحیت کے پروٹسٹنٹ مسلک کے پیروکار اور ان کے مذہبی رہنما شامل ہوتے ہیں۔

اس سال لیکن مسیحیت میں مذہبی اصلاحات یا ’ریفارمیشن‘ کے عمل کے بھی 500 سال پورے ہو رہے ہیں، اس لیے اس مرتبہ اس اجتماع میں دنیا بھر سے سرکردہ پروٹسٹنٹ شخصیات بھی جمع ہو رہی ہیں۔ مجموعی طور پر برلن میں اہتمام کردہ اس کلیسائی کنوینشن یا اسمبلی میں اس مرتبہ قریب ایک لاکھ چالیس ہزار شخصیات کی شرکت متوقع ہے، جن میں سے ایک ابہت اہم نام سابق امریکی صدر باراک اوباما کا بھی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ باراک اوباما اپنی صدارتی ذمے داریوں سے فراغت کے بعد جرمنی کا دورہ کر رہیں ہیں۔

Papstbesuch Erfurt Luther Denkmal
1517ء: مسیحیت میں ریفارمیشن کے عمل کی فیصلہ کن شخصیت مارٹن لوتھر کا جرمن شہر ایرفُرٹ میں نصب مجسمہتصویر: DW

اس کنوینشن کے دوران برلن کے مشہور زمانہ برانڈن برگ گیٹ کے عین سامنے کل جمعرات پچیس مئی کو جب باراک اوباما ایک مسیحی پادری کی بیٹی اور موجودہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی موجودگی میں اس اجتماع کے شرکاء سے خطاب کریں گے، تو ان کا واضح پیغام ہو گا: ’’جمہوریت کو خدا پر یقین کی ضرورت ہے۔‘‘

اس مرتبہ ہر دو سال بعد منعقد ہونے والے اس کلیسائی اجتماع کے موقع پر قریب ڈھائی ہزار مختلف نشستوں، تقریبات اور مباحث کا اہتمام کیا گیا ہے، جن سے خطاب یا جن میں خصوصی شرکت کرنے والے بہت سرکردہ مہمانوں کی تعداد بھی 30 ہزار کے قریب ہو گی۔

یہ اجتماع مسیحیت میں ’ریفارمیشن‘ کی پانچ صدیاں پوری ہونے کے حوالے سے صرف ایک مسیحی اجتماع ہی نہیں ہو گا بلکہ اس میں دیگر الہامی اور غیر الہامی مذاہب کی بہت سی سرکردہ شخصیات بھی شرکت کریں گے۔ ان شرکاء میں جنوی افریقہ میں مسیحیوں کے کیتھولک مسلک کے انتہائی اہم نمائندہ اور کیپ ٹاؤن کے آرچ بشپ تھابو میکگوبا، قاہرہ میں مسلمانوں کی جامعہ الازہر کی مسجد کے امام اعظم شیخ احمد الطیب، اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب شٹیفان ڈے مِستورا اور اسرائیلی مصنف آموس اوز بھی شامل ہیں۔

مظلوموں کی تکالیف نظر انداز نہ کی جائیں، پوپ کا ایسٹر پیغام

خدا کے وجود پر شبے سے پاپائے روم بھی مبرہ نہیں

مہاجرین خطرہ نہیں، ترقی کے لیے چیلنج ہیں، پوپ فرانسس

دوسری عالمی جنگ کے بعد 1949ء میں ہینوور شہر میں ’جرمن کِرشن ٹاگ‘ کی بنیاد ایک ’ملک گیر پروٹسٹنٹ ویک‘ کے طور پر مشرقی پرُوشیا کے سیاستدان رائن ہولڈ فان تھاڈن نے رکھی تھی اور تب سے اب تک یہ سلسلہ جاری ہے۔ اس سال اس اجتماع میں کئی ایسی سیاسی شخصیات بھی شرکت کریں گی، جنہیں سیاسی حوالے سے متعدد حلقے اسمبلی کے شرکاء کے طور پر کافی حد تک متنازعہ بھی قرار دے رہے ہیں۔ ان میں موجودہ جرمن حکومت میں شامل متعدد پروٹسٹنٹ سیاستدان بھی شامل ہیں۔

Reinold von Thadden-Trieglaff
جرمن پروٹسٹنٹ چرچ اسمبلی کے بانی فان تھاڈن، بائیں، 1953ء میں اہتمام کردہ اجتماع کے مرکزی شرکاء کے سداتھتصویر: picture-alliance/dpa

جرمن وزیر خزانہ وولفگانگ شوئبلے اس اسمبلی میں اس بارے میں بحث کریں گے کہ یورپ کو کون سی چیز متحد رکھے ہوئے ہے۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اور اسی سال ہونے والے عام انتخابات میں چانسلر کے عہدے کے لیے انگیلا میرکل کے حریف امیدوار مارٹن شُلس اس بارے میں بات کریں گے کہ قابل اعتماد ہونا کس کو کہتے ہیں جبکہ جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر تو اس اجتماع کے دوران سات مختلف نشستوں میں حصہ لیں گے، جن میں سے ایک میں وہ جامعہ الازہر کے امام اعظم شیخ احمد الطیب کے ساتھ شرکت کریں گے۔

جرمن نیوز ایجنسی ای پی ڈی کے مطابق اس کلیسائی اجتماع میں جن دو اہم ترین موضوعات پر سب سے زیادہ بحث ہو گی، وہ بین الاقوامی تنازعات اور ان کے حل اور یورپ کا مستقبل ہوں گے۔