1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر اب اسرائیل سے قدرتی گیس خریدے گا

22 دسمبر 2019

مصر اگلے برس جنوری کے وسط سے اسرائیل سے قدرتی گیس کی درآمد شروع کرے گا۔یہ گیس اسرائیلی گیس فیلڈ لوتھین سے فراہم کی جائے گی، جو بحیرہ روم میں قدرتی گیس کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔

https://p.dw.com/p/3VELA
Israel Erdgas in Tamar
تصویر: Getty Images/Albatros

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مصری کمپنی ڈولفینوس ہولڈنگز نے گزشتہ برس ان اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ ایک تاریخی معاہدہ کیا تھا، جو 'لوتھین‘ اور 'تامار‘ نامی اسرائیلی گیس فیلڈز پر کام کر رہی ہیں۔

توانائی کی اسرائیلی صنعت کے ذرائع نے بتایا کہ مصر کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمت 19.5 بیلن ڈالر کے لگ بھگ بنتی ہے۔ توانائی کی اسرائیلی وزارت نے تین دن قبل ہی 'لوتھین‘ سے گیس پروڈکشن کی حتمی منظوری دی تھی۔اس سے قبل ماحولیات کے حوالے سے خدشات کی وجہ سے عدالت نے گیس نکالنے پر عارضی پابندی لگائی ہوئی تھی۔ مصری وزارت پٹرولیم کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس تمام معاملے پر کوئی تفصیلات فراہم  نہیں کر سکتے۔

Erdgas-Pipeline zwischen Israel und Egypt
تصویر: picture-alliance/dpa

'لوتھین‘ بحیرہ روم میں اسرائیل کا قدرتی گیس کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے اور اس سے گیس نکالنے کا کام ایک دن کی تاخیر سے شروع ہو گا۔ اسرائیلی وزارت برائے توانائی کی ترجمان کے مطابق اب 'لوتھین‘ گیس فیلڈ سے پیر کے بجائے منگل کو گیس کی ترسیل شروع ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس گیس فیلڈ کے نگران ادارے نے دو دن قبل سے وزارت کو اس بارے میں مطلع کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ یہاں سے مصر اور اردن کو گیس فراہم کی جائے گی۔

اتوار کے روز مصری صنعت کے اہم ذرائع نے بتایا کہ 2022ء تک اسرائیلی گیس کی برآمدات بتدریح سات بیلن کیوبک میٹرز سالانہ تک پہنچ جائے گی۔

Ostseepipeline Nord Stream 2
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Büttner

'لوتھین‘ گیس فیلڈ دس برس قبل دریافت ہوئی تھی۔ یہ ساحلی علاقے حیفا سے 130 کلومیٹر مغرب کی جانب سمندر میں سترہ سو میٹر کی گہرائی میں واقع ہے۔اندازہ ہے کہ وہاں 605 بلین کیوبک میٹر تک گیس پائی جاتی ہے۔ اسرائیل میں اس کے علاوہ بھی گیس کے ذخائر موجود ہیں۔ تامار گیس فیلڈ 2013ء سے فعال ہے۔

 اپنے ان ذخائر کی وجہ سے اسرائیل گیس کی اپنی ضرویات پوری کرنے کے حوالے سے خودمختار ہے اور اسے برآمد بھی کر رہا ہے۔ ساتھ ہی گیس کے یہ ذخائر اسرائیل کی کوئلے سے توانائی سے دستبرداری کو بھی ممکن بنا سکتے ہیں۔

ع ا  / ش ا (خبر رساں ادارے)