1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر: اخوان المسلمون کے حامی کٹہرے میں

امجد علی22 مارچ 2014

بائیس مارچ سے مصر میں معزول اسلام پسند صدر محمد مرسی کے بارہ سو سے زائد حامیوں کے خلاف ایک اجتماعی مقدمے کی کارروائی شروع ہو رہی ہے۔ اگست میں اسلام پسندوں کے خلاف بڑے آپریشن کے بعد سے یہ مصر میں سب سے بڑا مقدمہ ہے۔

https://p.dw.com/p/1BUDt
کالعدم اخوان المسلمون کے روحانی قائد محمد بدیع سلاخوں کے پیچھے
کالعدم اخوان المسلمون کے روحانی قائد محمد بدیع سلاخوں کے پیچھےتصویر: Ahmed Gamil/AFP/Getty Images

یہ مقدمہ بھی اُسی کریک ڈاؤن کا ایک حصہ ہے، جس کا مقصد معزول صدر کے اُن اسلام پسند حامیوں کو ہدف بنانا ہے، جو ابھی بھی مرسی کی بطور صدر بحالی کے مطالبے پر سختی سے جمے ہوئےہیں۔

محمد مرسی مصر کے پہلے ایسے غیر فوجی صدر تھے، جنہیں عوام نے براہِ راست منتخب کیا تھا تاہم مصری فوج نے گزشتہ سال جولائی میں اُنہیں اُن کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ اُن کی معزولی سے ملک بھر میں ہنگامے شروع ہو گئے تھے۔

کالعدم اخوان المسلمون کے روحانی قائد محمد بدیع بائیس دسمبر 2012ء کی ایک تصویر میں ملکی آئین پر منعقدہ ایک ریفرنڈم کے دوران ایک پولنگ اسٹیشن سے باہر آتے ہوئے
کالعدم اخوان المسلمون کے روحانی قائد محمد بدیع بائیس دسمبر 2012ء کی ایک تصویر میں ملکی آئین پر منعقدہ ایک ریفرنڈم کے دوران ایک پولنگ اسٹیشن سے باہر آتے ہوئےتصویر: AFP/Getty Images

اجتماعی مقدمے کی کارروائی دارالحکومت قاہرہ سے جنوب کی جانب منیا کے مقام پر عمل میں آ رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان میں کالعدم اخوان المسلمون کے روحانی قائد محمد بدیع بھی شامل ہیں۔

اخوان المسلمون سے قریبی نظریاتی وابستگی رکھنے والی ویب سائٹس نے بتایا ہے کہ مقدمے کی کارروائی منیا میں چھ مختلف عدالتوں میں عمل میں لائی جا رہی ہے اور یہ کہ یہ کارروائی چھ روز تک جاری رہے گی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کچھ افراد کے خلاف مقدمہ اُن کی غیر حاضری میں چلایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہفتے کے روز پانچ سو ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت ہو گی جبکہ دیگر سات سو افراد کے خلاف مقدمہ آئندہ منگل کو سنا جائے گا۔ یہ واضح نہیں ہے کہ کتنے ملزمان عدالت میں موجود ہوں گے کیونکہ ان میں سے صرف تقریباً دو سو ملزمان زیرِ حراست ہیں جبکہ باقی یا تو ضمانت پر رہا ہیں یا پھر مفرور ہیں۔

گزشتہ سال اگست میں سکیورٹی فورسز نے طاقت استعمال کرتے ہوئے قاہرہ میں مرسی کے حامیوں کی جانب سے قائم کیے گئے دو احتجاجی کیمپ ختم کر دیے تھے، جس کے بعد مبینہ طور پر جنوبی مصر میں مختلف افراد اور سرکاری املاک پر حملے عمل میں آئے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ ایسے پُر تشدد اقدامات کے مرتکب ہوئے ہیں، جو منیا میں دو پولیس اہلکاروں کی موت کا سبب بنے۔

معزول صدر محمد مرسی تین مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں
معزول صدر محمد مرسی تین مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo

گزشتہ سال چَودہ اگست کو قاہرہ میں مرسی کے حامیوں کے کیمپ ختم کیے جانے کی کارروائی اور اس کے بعد پھوٹ پڑنے والے ہنگاموں کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حقوقِ انسانی کی علمبردار بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ اُس دوران مصر بھر میں جھڑپوں اور پُر تشدد واقعات میں کم از کم چَودہ سو افراد مارے گئے جبکہ اب تک ہزاروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

خود محمد مرسی کو، جنہیں گزشتہ سال تین جولائی کو صدر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، تین مختلف مقدمات کا سامنا ہے۔ مرسی کو اس الزام کا بھی سامنا ہے کہ اُنہوں نے اپنے دورِ صدارت کے دوران لوگوں کو ایک صدارتی محل کے باہر جمع مظاہرین کو ہلاک کرنے کے لیے اُکسایا تھا۔

مرسی نے صرف ایک سال تک مصر کے منتخب سویلین صدر کی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ بعد ازاں اُن کی حکومت پر اختیارات ہتھیانے اور پہلے سے کمزور معیشت کو مزید تباہی کی طرف لے جانے کے الزامات لگنے لگے تھے اور اُن کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔