1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مغل بادشاہوں اور مہاراجاؤں کا خزانہ‘ چوری

4 جنوری 2018

اٹلی کے شہر وینس میں الارم سسٹم کو بند کیے بغیر نایاب بھارتی زیورات چوری کر لیے گئے ہیں۔ ان زیورات کی قیمت کئی ملین یورو ہے۔ پولیس کے مطابق چور ’انتہائی ماہر اور تربیت یافتہ‘ معلوم ہوتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2qMSX
Venedig Juwelendiebstahl Al Thani Sammlung
تصویر: picture-alliance/AP/A. Merola

یہ نایاب بھارتی زیورات وینس میں ہونے والی ایک نمائش سے چوری کیے گئے ہیں۔ اس نمائش میں بھارتی مہاراجاؤں کے نایاب خزانے  کی متعدد اشیاء رکھی گئی تھیں۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایک چور نے اس طرح ایک ڈسپلے باکس کھولا کہ سکیورٹی الارم بھی نہیں چلا۔ اس چوری میں ایک دوسرا شخص بھی شامل تھا، جس نے تکنیکی لحاظ سے اس چوری میں مدد فراہم کی ہے۔

Venedig Juwelendiebstahl Al Thani Sammlung
تصویر: picture-alliance/AP/A. Merola

پولیس کے مطابق الارم اس وقت بجا، جب دونوں چور نمائشی ہال سے نکل چکے تھے اور وینس کے مرکزی بازار میں جا کر روپوش ہو چکے تھے۔ وینس پولیس کے کمشنر ویٹو گاگلاردی کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چوروں کی طریقہ واردات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ انتہائی ’ماہر اور تربیت یافتہ‘ تھے اور یہ شبہ بھی ہے کہ وہ پہلے بھی ہائی پروفائل چوریوں میں ملوث رہ چکے ہیں۔

اس پولیس افسر کا مزید کہنا تھا، ’’ہمیں معلوم ہے کہ یہ ماہر اور پیشہ ور چور تھے۔ نمائشی ہال کو انتہائی جدید ٹیکنالوجی سسٹم سے محفوظ بنایا گیا تھا۔‘‘ تاہم چوری کیے گئے زیورات کی قیمت صرف چند ملین یورو ہی بتائی گئی ہے۔

وینس میں ہونے والی اس نمائش کا نام ’مغل بادشاہوں اور مہاراجاؤں کا خزانہ‘ رکھا گیا تھا۔