1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملالہ، دنیا کی سب سے کم عمر امن کی پیامبر

8 اپریل 2017

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے ملالہ یوسف زئی کو اس عالمی ادارے کی امن کی سفیر منتخب کیا ہے۔ یہ اقوام متحدہ کے سربراہ کی جانب سے عالمی شہری تصور کیے جانے والی مقبول شخصیات کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔

https://p.dw.com/p/2av0f
Kinderrechtsaktivistin Malala Yousafzai aus Pakistan bei den UN 18.08.2014
تصویر: Getty Images/Andrew Burton

 اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفان دوژارک نے جمعہ سات اپریل کو بتایا کہ انیس سالہ ملالہ یوسف زئی کو اگلے ہفتے پیر کے دن ایک تقریب کے دوران باقاعدہ طور پر امن کا سفیر بنا دیا جائے گا۔ ان کے بقول اس کے بعد ملالہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ساتھ بات چیت کریں گی اور اس ملاقات میں عالمی سطح پر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔

 اس تناظر میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونو گوٹیرش نے کہا، ’’شدید خطرات کے باوجود ملالہ یوسف زئی خواتین، لڑکیوں اور دیگر تمام لوگوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کے اپنے غیر متزلزل عہد پر قائم رہیں۔‘‘ ان کے بقول لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ملالہ کی کوششوں نے دنیا میں بہت سے دیگر لوگوں کو متحرک کیا ہے، ’’اب ہماری سب سے کم عمر ترین امن کی پیامبر  دنیا کو زیادہ پر امن اور منصفانہ بنانے کے لیے اور بھی بھرپور انداز میں کام کرسکے گی۔‘‘

Großbritannien Treffen Malala Yousefzai und Muzoon Almellehan
ملالہ کی کوششوں نے دنیا میں بہت سے دیگر لوگوں کو متحرک کیا ہے، انتونیو گوٹیرشتصویر: Reuters/D. Staples

ملالہ یوسف زئی کو 2014ء میں امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا اور وہ یہ انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت ہیں۔ وہ بچوں اور خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم اور حقوق کے لیے سرگرم ہیں۔ ملالہ کے علاوہ ہالی وڈ کے اداکار مائیکل ڈگلس اور لیونارڈو ڈی کاپریو، ماہر حیاتیات جین گوڈیل کے ساتھ ساتھ موسیقار بیرنبوئم اور یویو ما کو امن کے پیامبر منتخب کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق امن کے پیامبر اپنے وقت، صلاحیتوں اور جذبے کو استعمال کرتے ہوئےمختلف شعبوں میں جاری اقوام متحدہ کے منصوبوں میں تعاون فراہم کرتے ہیں تاکہ عالمی توجہ حاصل کی جا سکے۔